سائنٹیفک سٹاف کی مستقل بنیادوں پربھرتی کیلئے لائحہ عمل مرتب کیا جائے،ڈاکٹر کوثر عبداللہ ملک

24

 

 اسلام آباد ،29 نومبر( اے پی پی ): نگران وفاقی وزیربرائے غذائی تحفظ وتحقیق ڈاکٹرکوثرعبداللہ ملک کی زیرصدارت پاکستان اگریکلچرل ریسرچ کونسل کے بورڈآف گورنرز کے 46ویں اجلاس کاانعقادکیاگیا۔

اس موقع پرچیئرمین پی اے آرسی ڈاکٹرغلام محمدعلی،ممبرفنانس ڈویژن محمدسعیداللہ یوسفزئی ، ممبرانچارج (پلانٹ سائنس ڈویژن) ڈاکٹرامتیازحسین،ممبرانچارج(کوارڈنیشن اینڈمانیٹرنگ ڈویژن) ڈاکٹرفلک ناز،ممبرانچارج (انیمل سائنس ڈویژن) ڈاکٹرایس مرتضیٰ حسن اندرابی،ممبرانچارج (نیچرل ریسورسز ڈویژن) ڈاکٹرشاہدمقصودگل،ممبرانچارج (سوشل سائنسزڈویژن) ڈاکٹرغلام صادق آفریدی،ڈائریکٹرجنرل این اے آرسی ڈاکٹرشہزاداسد اورسیکرٹری پی اے آرسی محمداسحاق بھی موجودتھے۔

اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وفاقی وزیربرائے غذائی تحفظ وتحقیق ڈاکٹرکوثرعبداللہ ملک نے کہاکہ پی اے آر سی کسانوں کواپنے تجربات سے مستفیدکرنے کیلئے بھرپوراقدامات اٹھائیں،سائنٹیفک سٹاف کسی بھی تحقیقی ادارے میں اہم کرداراداکرتاہے تاہم سائنٹیفک سٹاف پی اے آر سی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے،سائنٹیفک سٹاف کی مستقل بنیادوں پربھرتی کیلئے جلدازجلدکمیٹی تشکیل دیکرقواعد وضوابط کے مطابق لائحہ عمل مرتب کیا جائے تاکہ ٹیلنٹ کواپنے ہی سرزمین پرمواقع فراہم ہوں اوروہ بیرون ملک جانے کی بجائے اپنے ہی ملک وقوم کی خدمت میں توانائی صرف کریں۔

ڈاکٹرکوثرعبداللہ ملک نے کہاکہ زراعت میں ہمارے سائنٹیفک سٹاف کی کوششیں فقیدالمثال ہیں،ان کے تجربات سے اورزراعت کے حوالے سے تمام صوبوں کے ساتھ مسلسل رابطے رکھے جائیں تاکہ زراعت میں تحقیق سے انکوبھرپور تعاون فراہم ہوسکے۔

انہوں نے کہاکہ بورڈ آف گورنرزکااجلاس بالترتیب صوبوں میں بھی منعقد کئے جائیں اورصوبوں کے زرعی ماہرین کے تجربات سے بھی استفادہ حاصل کیا جائے۔انہوں نے کہاکہ بورڈآف گورنرزکے اجلاس بلاتاخیرمنعقدکئے جانے چاہئیں اوران کے ثمرات حقیقی بنیادوں میں عوام تک پہنچانے کیلئے تمام وسائل وموثرپیمانے بروئے کارلائے جائیں۔