سانگھڑ ،6 نومبر( اے پی پی ): ڈپٹی کمشنر سانگھڑ عمران الحسن خواجہ نے کہا ہے کہ ووٹ دینا قومی فریضہ ہے ہم ووٹ کے ذریعے اپنے نمائندے خود منتخب کرتے ہیں ہمیں ووٹ دینے کے لیے باہر نکل کر بہتر نمائندوں کا انتخاب کرنا چاہیے۔ یہ بات انہوں نے گزشتہ روز“اے پی پی ، ،کو انٹرویو دیتے ہوئے کہی۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ حلقہ بندیوں کا کام الیکشن کمیشن کا ہے جو کے اس نے مکمل کرلیا ہے اور انتخابی عمل سے متعلق فہرستیں نومبر کے آخر تک آویزاں کر دی جائیں گی۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ نگران حکومت عوام کو ہر ممکن طریقے سے ریلیف فراہم کرنے کے لیے کوشاں ہے، جاری ترقیاتی منصوبوں کے ساتھ ساتھ عوام کی فلاح و بہبود اور ضلع کی ترقی کے لیے نئے منصوبے شروع کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کی مد میں ریلیف دیا گیا ہے، جاری سکیموں کی مد میں فنڈز جاری کر دیئے گئے ہیں اور باقی سکیموں پر الیکشن کمیشن کے حکم پر پابندی ہے،جنرل الیکشن کے حوالے سے سانگھڑ ضلع مین 904 پولنگ سٹیشنز کی فہرست دی گئی ہے جہاں پر الیکشن کمیشن کے افسران اور ہمارے اسسٹنٹ کمشنرز نے ان کا دورہ کیا ہے اور وہاں سہولیات کی فراہمی جیسا کے پانی، واش روم، باونڈری یا عمارت کی زبوں حالی جیسے معاملات پر نظر رکھی ہے اور الیکشن سے پہلے ان پولنگ سٹیشنوں پر یہ ساری سہولیات فراہم کردی جائیں گی ۔
انہوں نے کہا کہ ووٹ دینا قومی فریضہ ہے ہم ووٹ کے ذریعے اپنے نمائندے خود چنتے ہیں ہمیں ووٹ دینے کے لیے باہر نکل کر بہتر نمائندوں کا انتخاب کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ رات کو گیس کی لوڈشیڈنگ کا مسئلہ پورے ملک کا ہے جو جلد ختم ہو جائے گا۔