ساہیوال؛کمشنر کا پاک پتن روڈ پر سیوریج لائن کے کام میں تاخیر کا نوٹس

5

ساہیوال،13 نومبر(اے پی پی): کمشنر شعیب اقبال سید نے پاک پتن روڈ پر سیوریج لائن بچھانے کے کام میں غیر ضروری تاخیر کا سخت نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ کمپنی کو جرمانہ کرنے کی ہدایت کر دی ہے اور کہا ہے کہ پسپ پروگرام کے تحت جاری منصوبوں پر کام ٹائم لائن کے مطابق مکمل کیا جائے اور ٹائم لائن کی پابندی نہ کرنے والی کمپنی کو بلا تفریق جرمانے کئے جائیں۔

 وہ یہاں اپنے دفتر میں پسپ پروگرام اور میونسپل کارپوریشن کی کارکردگی کے جائزہ اجلاس کی صدارت کررہے تھے۔

اجلاس میں ساہیوال بائی پاس پر جاری کام کا بھی جائزہ لیا گیا اور کمشنر نے محکمہ ہائی وے کو ہدایت کی کہ 4کلو میٹر طویل سٹرک پر بجری ڈالنے کا کام تیز کیا جائے تاکہ 30نومبر سے پہلے سڑک کی تعمیر بھی مکمل ہو سکے۔ انہوں نے ریلوے لائن پر زیر تعمیر اوورہیڈ برج کے ترقیاتی کام کا بھی تفصیلی جائزہ لیا۔

اجلاس میں ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن شفیق احمد ڈوگر، ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ ڈاکٹر سیف اللہ،ڈی جی پی ایچ اے ڈاکٹر شاہ زیب، چیف آفیسر کارپوریشن اشفاق احمد، اے سی جنرل علیزہ ریحان، پسپ پروگرام کے سٹی مینجر محمد اسجد خان سمیت دیگر متعلقہ حکام نے بھی شرکت کی۔