ساہیوال؛ عالمی یوم سی او پی ڈی پر واک اور معلوماتی لیکچر کا اہتمام

2

ساہیوال،13نومبر (اے پی پی): ٹیچنگ ہسپتال کے شعبہ پلمونولوجی نے پاکستان چیسٹ سوسائٹی کے وژن کے مطابق عالمی یوم سی او پی ڈی  پر واک اور معلوماتی لیکچر کا اہتمام کیا۔

واک کے بعد شعبہ پلمونولوجی کے سربراہ اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر محمد وسیم نے ایک معلوماتی لیکچر کے ذریعے نظام تنفس کے دائمی دمہ (COPD) کے پھیلاؤ میں تمباکو نوشی اور فضائی آلودگی بشمول سموگ کے کردار پر روشنی ڈالی اور انفرادی اور اجتماعی سطح پر عوام الناس میں اس بیماری کے خلاف شعور بیدار کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔انہوں نے کہا کہ تمباکو نوشی سے بچاؤ اور فضائی آلودگی بشمول سموگ میں کمی، امراض تنفس اور دائمی دمے سے بچا سکتی ہے۔

پرنسپل ساہیوال میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر محمد عمران حسن خان نے تمام شرکاء پر زور دیا کہ وہ اپنے اپنے معاشرتی دائرہ کار میں تمباکو نوشی اور سموگ کے مضر اثرات کا پرچار کریں اور سانس کی بیماریوں کی روک تھام میں اپنا حصہ ڈالیں۔

واک میں پرنسپل ساہیوال میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر محمد عمران حسن خان،ایم ایس ساہیوال ٹیچنگ ہسپتال ڈاکٹر اختر محبوب سمیت فیکلٹی ممبران،ڈاکٹرز،میڈیکل سٹوڈنٹس،نرسز، پیرا میڈیکل سٹاف نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔