سرگودھا؛خصوصی بچوں کیلئے سپورٹس گالا کا انعقاد، کمشنر نے افتتاح کیا

8

سرگودھا،7نومبر(اے پی پی):محکمہ سپیشل ایجوکیشن کے زیر اہتمام خصوصی بچوں کیلئے سپورٹس گالا کا انعقاد کیا گیا،جس کا افتتاح کمشنر محمد اجمل بھٹی نے ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ شعیب علی کے ہمراہ کیا۔

سپورٹس گالا میں چاروں اضلاع  کے سپیشل تعلیمی اداروں سے تعلق رکھنے والے طلباء وطالبات نے مختلف مقابلوں میں حصہ لیا،رنگا رنگ تقریب میں خصوصی بچوں نے کلچرل پرفارمنس بھی پیش کی،علاقائی گیت گانے کے علاؤہ مارچ پاسٹ کیا۔ کمشنر نے بچوں میں مختلف ڈیوائسز بھی تقسیم کیں۔

اس موقع پر کمشنر محمد اجمل بھٹی نے کہا ہے کہ سپیشل بچے کسی طرح عام بچوں سے کم نہیں اور ہمارا مذہبی اور اخلاقی فرض ہے کہ ہم انہیں احساس کمتری اور تحقیر کا نشانہ بنانے کی بجائے روز مرہ کے معمولات بآسانی ادا کرنے کے قابل بنانے میں اپناا پنا کردار ادا کریں، اس سلسلے میں اساتذہ کا کردار بہت اہمیت کا حامل ہے۔

انہوں نے کہا کہ خصوصی بچوں میں سپورٹس کا جذبہ بھی قابل دید ہے، حکومت خصوصی بچوں کو یکساں مواقع فراہم کررہی ہے تاکہ یہ بچے کھیلوں میں پاکستان کا نام روشن کرسکیں۔

ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ شعیب علی نے کہا کہ کھیلوں کا مقصد خصوصی بچوں کو نصابی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ غیر نصابی صحت مندانہ سرگرمیوں میں حصہ لینے کے مواقع فراہم کرنا ہے تاکہ یہ بچے بھی عام بچوں کی طرح زندگی کی تمام رونقوں سے محظوظ ہوں اور ان کی صلاحیتیں نکھر کر سامنے آئیں اور ان کی حوصلہ افزائی ہو۔

 سپورٹس گالا کا اہم حصہ خصوصی بچوں کے مابین کرکٹ میچ،ویل چیئر ریس فار فزیکل ہینڈی کیپ 50میٹر ریس، بلائنڈ طلباء و طالبات کی 100میٹر ریس، ذہنی معذور بچوں کی 50میٹراور 100میٹر ریس، متاثرہ و سماعت بچوں کی 200میٹر ریس کے مقابلہ جات شامل تھے۔

تقریب میں چیف ایگزیکٹو ضلعی ایجوکیشن اتھارٹی سردار اختر عباس بلوچ، ڈویژنل سپورٹس آفیسر نثار الحق، ڈویژنل آفسیر سوشل ویلفئر شاکرہ نورین، ڈسٹرکٹ آفسیر سپیشل ایجوکیشن فریاد حسین، اے ڈی جاوید باجوہ، ڈی ایس او محمد عمران اور صدر بار رانا ظفر یاسین سمیت دیگر شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات،والدین اور طلبہ وطالبات نے بڑی تعداد نے شرکت کی۔