سموگ کے خاتمہ کیلئے معاشرے کے ہر فرد کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا؛سیکرٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی سیالکوٹ

63

 

سیالکوٹ ،13 نومبر (اے پی پی):سیکرٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی سیالکوٹ مظفر حیات نے کہا ہے کہ فضائی آلودگی سموگ میں ٹرانسپورٹ کا تقریباً 30فیصد حصہ ہے، اگر گاڑیوں کے مالکان  بروقت گاڑی کی مرمت اور انجن آئل تبدیل کریں تو گاڑیاں دھواں نہیں چھوڑیں گی اور اس سے ڈیزل اور پیٹرول میں بھی بچت ہوگی، سموگ کے خاتمہ کیلئے معاشرے کے ہر فرد کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔

یہ بات انہوں نے جنرل بس سٹینڈ سیالکوٹ میں انسداد اسموگ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر انسپکٹر ٹریفک پولیس اسد بٹ، محکمہ ماحولیات کے مقامی حکام ، پبلک ٹرانسپورٹ کے مالکان اور ڈرائیورز بھی موجود تھے۔

سیکرٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے کہا کہ شہری سموگ کا سبب بننے والے عوامل کارخانوں، اینٹوں کے بھٹوں، گاڑیوں سے نکلنے والے دھوئیں ، کوڑے کے ڈھیروں اور فصلوں کی باقیات کو لگی آگ کی تصاویر کو موبائل فون میں“ جی پی ایس میپ کیمرہ ایپس” کے ذریعے  03210980980پر واٹس ایپ کریں یا ڈسٹرکٹ کنٹرول روم کے نمبر 0529250011 پر اطلاع دیں اور سموگ کو کم سے کم کرنے کیلئے ‘‘منی مائز سموگ’’مہم کو کامیاب بنا کر ماحول دوست شہری ہونے کا ثبوت دیں۔

مظفر حیات نے کہا کہ مالکان اور ڈرائیورز اپنی گاڑیوں میں معیاری ڈیزل استعمال کریں اور انجن آئل اور ائیر فلٹر کو وقت پر تبدیل کریں اور دھواں چھوڑنے پر گاڑیوں کو فوری مرمت کروائیں۔ انہوں نے کہا دھواں چھوڑنے والے گاڑیاں فیول کو ضائع کرتیں ہیں، اس لئے جرمانوں اور سزائوں سے بچنے کیلئے ایس او پیز پر من و عن عمل کریں۔انہوں نے کہا کہ ڈرائیور حضرات بلا وجہ گاڑیوں کو اسٹارٹ نہ رکھا کریں جبکہ اڈہ مالکان دھول مٹی کو اڑنے سے روکنے کیلئے اڈہ پر پانی کا چھڑکاؤ کریں اور صفائی کا خصوصی خیال رکھیں۔

 بعد ازاں سموگ آگاہی ریلی بھی نکالی گئی جس دوران شرکاء ریلی نے سموگ کا باعث بننے والے معلوماتی بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے۔ ٹرانسپورٹ اتھارٹی، ٹریفک پولیس اور محکمہ ماحولیات کی جانب سے شہریوں میں سموگ کے سدباب کیلئے بروشرز اور ہینڈ بلز بھی تقسیم کئے گئے۔