سیلانی ویلفیئر ٹرسٹ انٹرنیشنل کے زیراہتمام سالانہ گرینڈ آئی ٹی انٹری ٹیسٹ کا انعقاد

19

 

کراچی،12 نومبر (اے پی پی):سیلانی ویلفیئر ٹرسٹ انٹرنیشنل کے زیراہتمام 12ویں میگا آئی ٹی انٹری ٹیسٹ کا انعقاد کیا گیا جس میں 25 ہزارسے زائد طلبا نے شرکت کی۔ اس ٹیسٹ کے قابل طلبا کو ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز کی تربیت دی جائے گی جن میں آرٹیفیشل انٹیلی جنس، کلاڈ نیٹیو، بلاک چین، انٹرنیٹ آف تھنگز، ویب 3اور میٹاورس شامل ہیں۔

یہاں یہ بتانا ضروری ہے کہ سیلانی کے ماس آئی ٹی ٹریننگ پروگرام کے تحت 60 ہزار طلبا نے اپنا اندراج کرایا ہے۔ جس میں سے 25 ہزار کو پہلے بیچ کے امتحانات کے لیے مدعو کیا گیا تھا، باقی طلبہ کو جلد ہی انٹری ٹیسٹ کے لیے مدعو کیا جائے گا۔ ٹیسٹ کے آغاز پر نیشنل ا سٹیڈیم کراچی پاکستان زندہ باد، سیلانی زندہ باد کے نعروں سے گونج اٹھا۔

 بعد ازاں شرکاء کی جانب سے پاکستان اور فلسطین کے قومی ترانے گائے گئے اور دونوں ممالک کے پرچم لہرائے گئے جس سے تقریب کی رونق بڑھ گئی۔یو اے ای کے کونسل جنرل ڈاکٹر بخیت عتیق الرمیتھی نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ اپنے خطاب کے دوران انہوں نے کہا کہ سیلانی کا کام پوری دنیا کے لیے رول ماڈل ہے، بشیر فاروقی ایک ایماندار انسان ہیں اور متحدہ عرب امارات کی حکومت کو ان پر مکمل اعتماد ہے۔

سیلانی ویلفیئر انٹرنیشنل ٹرسٹ کے سرپرست نے اپنے خطاب کے دوران کہا کہ ہم نے دس سال پہلے خواب دیکھا تھا کہ آئی ٹی کے طلبا ہماری برآمدات میں اضافہ کریں گے اور وہ خواب آج پورا ہو رہا ہے۔ سیلانی کے زیر تربیت طلبا  ہر سال ایک ارب ڈالر کی آمدنی حاصل کر رہے ہیں۔اس کے بعد طلبا نے دل و جان سے ٹیسٹ میں حصہ لیا۔

تقریب میں سی ای او بینک الفلاح عاطف باجوہ سمیت ملک کے صنعتکاروں اور معروف شخصیات نے شرکت کی۔