ملتان، 07 نومبر(اے پی پی ): سیکریٹری جنگلات جنگلی حیات و ماہی پروری ساوتھ پنجاب سر فراز خان مگسی کی زیر صدارات محکمہ جنگلی حیات و ماہی پروری ساوتھ پنجاب کے ترقیاتی منصوبہ جات کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ جس میں ایڈیشنل سیکریٹری فہد حیدر بزدار، ڈائریکٹر جنرل جنگلی حیات و ماہی پروری اور دیگر متعلقہ افسران صاحبان نے شرکت کی۔ اس موقع پر سیکریٹری جنگلات ، جنگلی حیات و ماہی پروری ساوتھ پنجاب نے رواں مالی سال کے دوران ترقیاتی منصوبہ جات کی مد میں جاری فنڈز کے استعمال کے عمل کا جائزہ لیا۔ ڈائریکٹر جنرل جنگلی حیات و ماہی پروری نے بریفینگ دیتے ہوئے بتایا کہ محکمہ ماہی پروری کے چھ منصوبہ جات کی مد میں جاری کردہ فنڈز میں سے تقریباً90 فیصد فنڈز استعمال ہو چکے ہیں۔ سیکریٹری جنگلات، جنگلی حیات و ماہی پروری ساوتھ پنجاب نے ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ رواں مالی سال کے دوران ترقیاتی منصوبہ جات کی مد میں جاری فنڈز کے بروقت استعمال کو یقینی بنایا جائے تاکہ تمام منصوبہ جات کی بر وقت تکمیل ممکن ہو سکے۔ اس کے علاوہ انہوں نے غیر قانونی شکار کی روک تھام کے لیے تمام وسائل بروئے کار لاتے ہوئے ضروری اقدامات کرنے کی بھی ہدایت کی۔ مزید برآں سیکریٹری جنگلات، جنگلی حیات و ماہی پروری ساوتھ پنجاب نے ڈینگی کے حوالے سے کہا کہ ڈینگی سے بچاوکے لیے دفاتر میں صفائی و ستھرائی کا خاص خیال رکھا جائے۔ اس سلسلے میں حکومت کی طرف سے جاری کردہ تمام احتیاطی تدابیر کو اپنایا جائے اور ان پر سختی سے عمل کیا جائے۔ نیز انہوں نے انضباطی اور پنشن کمیسیز کو جلد از جلدنمٹانے کی ہدایات جاری کیں۔