شاہدرہ فلائی اوورز پراجیکٹ نے سپیڈ پکڑ لی، 95فیصد کام مکمل،محسن نقوی کا علی الصبح دورہ

60

لاہور،2نومبر (اے پی پی):وزیراعلی محسن نقوی نے علی الصبح شاہدرہ فلائی اوورز منصوبے کا دورہ کیا۔وزیراعلی محسن نقوی نے لاہور سے گوجرانوالہ سائٹ پر نوتعمیر شدہ اوورہیڈ برج کا جائزہ لیا اور منصوبے کے فنشنگ کے کاموں کا معائنہ کیا۔

وزیراعلی نے ڈی جی پی ایچ اے کو پراجیکٹ کے دونوں اطراف بھرپور شجرکاری اور لینڈ سکیپنگ کی ہدایت کی۔وزیراعلی نے ہدایت کی کہ داخلی راستے کو پھولدار پودوں اوردرختوں سے خوبصورت بنایا جائے اورپی ایچ اے لاہور کے سب سے بڑے داخلی راستے شاہدرہ چوک کو خوبصورت بنانے میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھے۔

وزیراعلی محسن نقوی نے منصوبے پر ہونے والی پیش رفت پر اطمینان کا اظہارکیا۔انہوں  نے کہا کہ شاہدرہ فلائی اوورز اسی ماہ کے وسط میں ٹریفک کے لیے کھول دیا جائے گا۔ شاہدرہ فلائی اوورز پراجیکٹ مکمل ہونے سے شہر کے اہم داخلی و خارجی راستے پرٹریفک کا مسئلہ مستقل بنیادوں پر حل ہوگا۔

 کمشنر لاہورڈویژن و ڈی جی ایل ڈی اے محمد علی رندھاوااورکنٹریکٹر نے منصوبے کے بارے میں بریفنگ دی۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ پراجیکٹ کے دونوں اطراف میں سروس روڈ کی تعمیر کا کام تیزی سے جاری ہے اور شاہدرہ چوک فلائی اوورز منصوبے کی تکمیل سے یومیہ 3 لاکھ سے زائد گاڑیوں کو آمدورفت میں سہولت ملے۔