صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے پشاور میں مقیم مختلف ممالک کے اعزازی کونسل جنرلز کی ایوانِ صدر میں ملاقات

20

اسلام آباد۔14نومبر  (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان تجارت، سرمایہ کاری ، ثقافت اور سیاحت کے شعبے میں دوست ممالک کے ساتھ تعاون بڑھانے کا خواہاں ہے۔ ایوانِ صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت نے ان خیالات کا اظہار تیونس، روس، ترکیہ، بلغاریہ ، بوسنیا، تاجکستان ، جاپان ، چیک ریپبلک ، جنوبی کوریا اور برازیل کے اعزازی کونسل جنرلز سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے منگل کو یہاں ایوان صدر میں ان سے ملاقات کی۔ وفد نے صدر مملکت کو بین الاقوامی تعلقات اور تجارت کے فروغ میں اعزازی کونسل جنرلز کے کردار کے بارے میں بریفنگ دی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے صدر مملکت نے دوست ممالک کے ساتھ تجارت اور سرمایہ کاری بڑھانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان تجارت، سرمایہ کاری ، ثقافت اور سیاحت کے شعبے میں دوست ممالک کے ساتھ تعاون بڑھانے کا خواہاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ اعزازی کونسل جنرلز پاکستان کے ایوانانِ صنعت و تجارت کے ساتھ روابط بڑھائیں، پاکستان میں سرمایہ کاری کے بے پناہ مواقع موجود ہیں۔ صدر مملکت نے کہا کہ اعزازی کونسل جنرلز  پاکستان میں سرمایہ کاری راغب کرنے میں اپنا کردار ادا کریں۔ ملاقات میں صدر مملکت نے غزہ کی موجودہ صورتحال پر تشویش کا اظہارِ کرتے ہوئے سیز فائر کی ضرورت پر بھی زور دیا۔