عصر حاضر میں کوئی بھی قوم معیاری تعلیم کے عزم کے بغیر ترقی نہیں کر سکتی،نگران وفاقی وزیر امداد علی سندھی

118

 

اسلام آباد،27نومبر(اے پی پی):وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت امداد علی سندھی نے کہا ہے کہ عصر حاضر میں کوئی بھی قوم معیاری تعلیم کے عزم کے بغیر ترقی نہیں کر سکتی۔ انسانی وسائل کی ترقی، حکومتی پالیسی کا مرکز، انسانی سماجی سرمائے کی تشکیل میں بنیادی قوت کے طور پر تعلیم پر انحصار کرتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو یہاں غیر معمولی طلبہ کو نیشنل ایجوکیشن فاونڈیشن کی جانب سے میرٹ ایوارڈ دینے کی تقریب سے خطاب میں کیا۔

وفاقی وزیر نے ملک کے مالیاتی چیلنجوں سے نمٹنے میں معیاری اور ہنر پر مبنی تعلیم کے اہم کردار پر زور دیا اور کہا کہ بچوں کے روشن مستقبل کی تشکیل میں اساتذہ کا کردار نہایت اہمیت کا حامل ہے۔انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ تعلیم ہر بچے کا بنیادی حق ہے اور قومی ترقی کا سنگ بنیاد ہے۔ وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت امداد علی سندھی نے اس یقین کا اظہار کیا کہ وفاقی تعلیم اور پیشہ ورانہ تربیت کی وزارت کے اقدامات سے ملک میں تعلیم کی حالت میں بہتری آئے گی، ہمہ گیر ترقی اور معاشی نمو کو فروغ ملے گا۔

خواجہ سرا کمیونٹی کو مفت بنیادی اور ہنر پر مبنی تعلیم فراہم کرنے میں نیشنل ایجوکیشن فاونڈیشن کی قابل ستائش کوششوں کو سراہتے ہوئے وفاقی وزیر نے فاونڈیشن اور وزارت تعلیم کی ان کی موثر آگاہی اور اسلام آباد میں اسکول سے باہر بچوں کے اندراج کی مہموں کی تعریف کی۔

تقریب کے دوران نیشنل ایجوکیشن فاونڈیشن کی منیجنگ ڈائریکٹر طاہرہ ایس شیخ نے بتایا کہ نیشنل ایجوکیشن فاونڈیشن نے 1998 سے فیڈرل گورنمنٹ ٹیچرز کے 6000 سے زائد بچوں کو وظائف دیے ہیں، میرٹ ایوارڈ ایف جی کے بچوں کو دیا جاتا ہے، وہ طلبہ جنہوں نے اپنے انٹرمیڈیٹ امتحانات میں کم از کم 80 فیصد نمبر حاصل کیے ہیں اور پبلک سیکٹر کے میڈیکل اور انجینئرنگ اداروں یا ہائر ایجوکیشن کمیشن کی طرف سے تسلیم شدہ کسی بھی سرکاری یونیورسٹی میں میرٹ کی بنیاد پر کسی بھی ڈگری پروگرام میں داخلہ حاصل کرنے والے اس میرٹ کے اہل ہیں۔

 طاہرہ ایس شیخ نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ یہ ایوارڈ ان طلبہ کے لیے محنت کے اعتراف کے طور پر دیا جاتا ہے جو تعلیمی لحاظ سے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سخت مقابلے اور میرٹ کے ذریعے داخلہ حاصل کرتے ہیں۔