فرینڈز آف کشمیر انٹرنیشنل اور کشمیر میڈیا سروس کے زیر اہتمام “بھارت میں اقلیتوں اور کشمیریوں پر ظلم و جبر” کے عنوان سے سیمینار کا انعقاد

47

 

اسلام آباد،29 نومبر ( اے پی پی)اسلام آباد میں آج فرینڈز آف کشمیر انٹرنیشنل اور کشمیر میڈیا سروس کے زیر اہتمام“بھارت میں اقلیتوں اور کشمیریوں پرظلم و جبر” کے عنوان سے منعقدہ سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔

سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے نگران وفاقی وزیر اطلاعات، نشریات و پارلیمانی امور مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ پاکستان کا وجود تمام اقلیتوں کے حقوق کا ضامن ہے، پاکستان جتنا مضبوط ہوگا اتنا ہی بھارت کے اندر مظلوموں کی آواز مضبوط ہوگی، نریندر مودی کبھی مظلوموں کے ساتھ کھڑے نہیں ہوئے، بھارت میں اکثریت کے نام پر چھوٹی سی اقلیت کا ایک پرتشدد راج نافذ ہے جہاں مذہبی اقلیتوں پر مظالم ڈھائے جا رہے ہیں، انسانی حقوق کی عالمی تنظیمیں بھارت میں اقلیتوں سے ناروا سلوک کا پردہ چاک کر رہی ہیں۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے انسانی حقوق کے وزیر خلیل جارج نے انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں پر زور دیا کہ وہ بھارت کی جانب سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی صریح خلاف ورزیوں کا سخت نوٹس لیں۔انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام گزشتہ کئی دہائیوں سے بھارتی جبر کے خلاف بھارتی جوئے سے آزادی کے پختہ عزم کے ساتھ مزاحمت کر رہے ہیں۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے انسانی حقوق مشعل حسین ملک نے کہا کہ بھارتی فوج IIOJK میں مسلمانوں کی نسل کشی میں ملوث ہے۔مقبوضہ علاقے میں انسانی حقوق کی صورت حال پر اپنی گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے، انہوں نے کہا کہ جبر اور سیاسی قیادت کو جیل میں ڈالنے جیسے منفی ہتھکنڈوں سے کشمیر کے لوگوں کو کبھی شکست نہیں دی جا سکتی۔