لاہور،15نومبر (اے پی پی):پنجاب حکومت کا سموگ میں کمی کے لئے ماحول دوست اقدام، فٹنس سر ٹیفکیٹ اور روٹ پرمٹ کے بغیر گاڑیوں کی موٹروے اور ہائی ویز پرداخلے پر پابندی ہوگی۔
اس ضمن میں پنجاب حکومت اور نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹر وے پولیس کے درمیان آج معاہدہ طے پاگیا۔ وزیر اعلی آفس میں محکمہ ٹرانسپورٹ حکومت پنجاب اور نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹر وے پولیس کے درمیان مفاہمت کی یاداشت پر دستخط کی تقریب منعقد ہوئی،نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی مہمان خصوصی تھے،ایڈیشنل سیکرٹری ٹرانسپورٹ (پلاننگ) اور ڈی آئی جی (آئی ٹی)نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹر وے پولیس نے ایم او یو پر دستخط کیے۔
معاہدے کے مطابق ایکسل لوڈ رجیم پر بھی سختی سے عملدرآمد کرایا جائے گا، زائد وزن والے ٹرالرکسی بھی صورت موٹروے اور ہائی ویز داخل نہیں ہونگے۔ معاہدے کے مطابق محکمہ ٹرانسپورٹ پنجاب اور موٹروے پولیس کے درمیان وہیکلز فٹنس اور روٹ پرمٹ کے حوالے سے معلومات کا تبادلہ ہوگا اورمحکمہ ٹرانسپورٹ اور موٹروے پولیس انفارمیشن کے تبادلے اور قوانین کے نفاذ کو یقینی بنانے کیلئے فوکل پرسن مقرر کریں گے۔محکمہ ٹرانسپورٹ اورموٹروے پولیس کے درمیان باہمی تعاون اور اشتراک کار کو فروغ دیا جائے گا۔
وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے مفاہمت کی یاداشت کی پر دستخط کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ معاہدہ یقینا ًماحول دوست ٹرانسپورٹ کیلئے خوش آئند ہے۔ انہوں نے کہا کہ غیر رجسٹرڈ چنگ چی رکشاں کو مفت رجسٹریشن کیلئے ایک ماہ کی مہلت دی جائے گی اورمفت رجسٹریشن کی مدت گزرنے کے بعد غیر رجسٹرڈ چنگ چی رکشاں کو روڈ پر نہیں آنے دیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ لاہور اسلام آباد موٹروے کے وسط میں ٹراما سنٹر کی اشد ضرورت ہے۔ پنجاب حکومت اس ضمن میں نیشنل ہائی وے اینڈ موٹروے کے تعاون سے ٹراما سنٹر بنانے کے لئے تیار ہے۔