فیصل آباد؛ریجنل محتسب فیصل آباد اور سٹی ٹریفک پولیس کے اشتراک سے ٹریفک قوانین بارے آگاہی پروگرام کا انعقاد

13

 

فیصل آباد، 14 نومبر (اے پی پی):ریجنل محتسب فیصل آباد اور سٹی ٹریفک پولیس فیصل آباد کے اشتراک سے ریجنل محتسب آفس میں ٹریفک قوانین بارے عوامی آگاہی پروگرام کا انعقادکیا گیاجس میں شاہد حسین جیلانی ایڈوائزر انچارج ریجنل محتسب فیصل آباد، یاسر شبیر ملک اسسٹنٹ رجسٹرار وفاقی محتسب ریجنل آفس فیصل آباد، ڈاکٹر مبشر انچارج ایجوکیشن یونٹ سٹی ٹریفک پولیس فیصل آباد، ممتاز میڈیا نمائندگان اور عوام کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

 شاہد حسین جیلانی ایڈوائزر انچارج ریجنل محتسب آفس فیصل آباد نے کہاکہ ہم سی ٹی اواور ان کے ایجوکیشن یونٹ کے انچارج ڈاکٹر مبشر کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہیں جنہوں نے انہیں انتہائی اہم ٹریفک قوانین بارے آگاہی فراہم کی اورمذکورہ سیشن کے انعقاد میں ریجنل محتسب آفس کے ممد و معاون ہوتے ہوئے عوام کو قیمتی جانیں بچانے کیلئے ضروری معلومات کی فراہمی کو یقینی بنایا۔انہوں نے کہا کہ وہ سی ٹی او فیصل آباد کی کاوشوں کو سراہتے اور دعا گو ہیں کہ وہ اس میں کامیاب ہوں۔ شاہد حسین جیلانی نے کہا کہ وفاقی محتسب کا ادارہ وفاقی سرکاری اداروں کے خلاف مفت اور فوری انصاف کی فراہمی کو ہر قیمت پر یقینی بنا رہا ہے اور اس سلسلہ میں وفاقی محتسب کا ایک اور اہم قدم تنازعات کے غیر رسمی حل کا سہل طریقہ بھی معاملات حل کرنے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے جس میں ثالثی اور مصالحتی کردار کے ذریعے باہمی رضا مندی سے گفت وشنید کے ذریعے تنازعات حل کئے جا رہے ہیں۔

 ایجوکیشن یونٹ سٹی ٹریفک پولیس فیصل آباد کے انچارج ڈاکٹر مبشر نے ٹریفک قوانین بارے آگاہی فراہم کرتے ہوئے کہا کہ مسلم شریف کی حدیث ہے کہ اگر کسی شخص نے راستے میں پڑی ہوئی خاردار ٹہنی یا کانٹے کوبھی ہٹا دیا تو وہ جنتی ہے لہٰذا وہ عوام الناس سے اپیل کرتے ہیں کہ سڑک پر اپنی ذمہ داریوں اور دوسروں کے حقوق کا خیال رکھیں۔ حادثات بارے ڈبلیو ایچ او کا کہنا ہے کہ موت کا نواں بڑا سبب ٹریفک حادثات ہیں اورسالانہ13 لاکھ سے زائد لوگ حادثات کے باعث مر جاتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ٹریفک حادثات میں ہم 95 ویں نمبر پر ہیں جبکہ ہمارے ہاں ایک منٹ اور چار سیکنڈ میں ایک حادثہ رونما ہوتا ہے۔ ڈاکٹر مبشر نے کہا کہ پنجاب میں روزانہ ایک ہزار سے زائد حادثات ریکارڈ کئے جاتے ہیں جس میں الارمنگ بات یہ ہے کہ ان حادثات میں 11 سال کی عمر سے لیکر 30 سال تک کی عمر کے لوگ شکار ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ہمیں باور کرانا چاہیے کہ ٹریفک قوانین ایک فن ہے جس کو ہمیں ہر حال میں سیکھنااور اس پر عمل کرنا چاہیے۔

 ڈاکٹر مبشر نے کہا کہ ان اعداد و شمار سے ثابت ہوتا ہے کہ حادثے ہو نہیں رہے بلکہ ہم کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ حادثات محض آنکھ جھپکنے کی دیر میں رونما ہو جاتے ہیں اور ہماری غفلت ولاپرواہی کے باعث دوسروں کو نقصان ہوتا ہے اور بعض اوقات یہ نقصان قیمتی جانوں کے ضیاع کی صورت میں ہمارے سامنے آتا ہے جو انتہائی دکھ وتکلیف کی بات اور ناقابل تلافی نقصان کا موجب ہے۔انچارج ایجوکیشن یونٹ سٹی ٹریفک پولیس فیصل آباد ڈاکٹر مبشر نے مزید کہا کہ کہ اگر کسی قوم کا مہذب اور سولائزڈ ہونا دیکھنا ہو تو اس کو سڑکوں پر دیکھ لیں کہ وہ کتنی منظم ہے اور ٹریفک قوانین کی کتنی پابندی کر رہی ہے تو آپ کو پتہ چل جائے گا کہ یہ قوم جو ہے وہ مہذب ہے۔ڈاکٹر مبشر نے کہا کہ اگر لا قانونیت اور آبادی وٹریفک میں اضافہ اسی طرح جاری رہا توسال 2030 تک یہ اعداد و شمار بڑھ جائیں گے اور موت کا پانچواں بڑا سبب ٹریفک حادثات ہوں گے۔ انہوں نے کہاکہ وال سٹریٹ جنرل میں 2018 کے اعداد و شمار کے مطابق ایشیا میں سب سے زیادہ ٹریفک حادثات کرنے والا ملک پاکستان تھا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ہر سال13 لاکھ سے زائد لوگ ٹریفک حادثات میں جاں بحق ہو جاتے ہیں اور ورلڈ ا کانومی کا تین فیصد حصہ ٹریفک حادثات کے باعث نقصانات کی بحالی میں خرچ ہو جاتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ قرآن پاک کی سورہ البقرہ میں جس کا ترجمہ یہ ہے کہ اپنے ہاتھوں اپنی جان کو ہلاکت میں مت ڈالو۔ انہوں نے کہا کہ ٹریفک سگنلز تین قسم کے ہوتے ہیں جن میں سے پہلی قسم لازمی اشارے کہلاتی ہے جو گول دائرے کی شکل میں اکثر آپ کو دیکھنے کو ملیں گے جن کی خلاف ورزی جرم اور قابل گرفت ہے، یہ ٹریفک کی درپیش صورتحال کے پیش نظر کوئی نہ کوئی رہنمائی دیتے ہیں۔ ڈاکٹر مبشر نے عوام کی آسانی کے لیے مزید بتایا کہ گوگل پر ہماری ایپس موجود ہیں جن میں سے سب سے اہم راستہ ایپ ہے جس میں تمام معلومات فراہم کی گئی ہیں لہٰذا لوگوں سے گزارش ہے کہ وہاں سے بھی ٹریفک قوانین اور لائسنس کے بارے میں یا دیگر کوئی بھی معلومات اگر ٹریفک کے بارے میں چاہیے ہوں تو اس ایپ سے بھی مدد حاصل کی جا سکتی ہے۔ڈاکٹر مبشر نے کہا کہ سٹی ٹریفک پولیس کا ایک ایجوکیشن یونٹ بنایا گیا ہے جس کا مقصد مختلف اداروں، فیکٹریوں،سکولزو کالجز اور دیگر عوام الناس میں جا کر ٹریفک قوانین کی آگاہی اور تعلیم دینا ہے۔ انہوں نے وفاقی محتسب سیکرٹیریٹ ریجنل آفس فیصل آباد کے ایڈوائزر انچارج شاہد حسین جیلانی اور اسسٹنٹ رجسٹرار یاسر شبیر ملک کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا جنہوں نے ٹریفک قوانین بارے آگاہی پروگرام کیلئے خصوصی انتظامات کیے اور عوام کی قیمتی جانوں کو محفوظ اورناگہانی حادثات سے بچانے کے لیے مذکورہ سیشن کا اہتمام کیا۔ انہوں نے کہاکہ وفاقی محتسب ریجنل آفس فیصل آباد اپنے فرائض منصبی انتہائی ایمانداری اور محنت سے سر انجام دے رہا ہے اور عوام کا جس طرح اس ادارے پر اعتماد بڑھا ہے اور اور شکایات کا جس طرح یہاں پر مفت اور جلد ازالہ کیا جا رہا ہے وہ لائق تحسین ہے۔انہوں نے کہا کہ وفاقی محتسب سیکرٹریٹ ریجنل آفس فیصل آباد نے ٹریفک قوانین بارے آگاہی پروگرام کا انعقاد کروا کر عوام کی بہتری کے لیے ایک اور بڑا کام سرانجام دیا ہے جس کے لیے سٹی ٹریفک پولیس کی طرف سے ہم ان کا بھرپور شکریہ ادا کرتے ہیں۔