فیصل آباد،06نومبر(اے پی پی): سٹی ٹریفک پولیس نے ہیلمٹ پہناؤزندگی بچاؤ مہم پر زوروشور سے عملدرآمد شروع کردیا ہے۔ اس سلسلہ میں ٹریفک پولیس نے تاجربرادری کے تعاون سے شہر کے مختلف چوراہوں پر سٹال لگوادیئے ہیں تاکہ سفر کرنے والے موٹرسائیکل سوار سستے اور معیاری ہیلمٹ خریدسکیں۔
چیف ٹریفک آفیسر مقصود احمد لون نے بتایا کہ ہائی کورٹ لاہور کے احکامات پر عملدرآمد کرتے ہوئے سٹی ٹریفک پولیس نے شہریوں کو آن روڈ ہیلمٹ کی سہولت فراہم کردی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ دوران سفر ہیلمٹ کا استعمال حادثے کی صورت میں موٹرسائیکل سوار کی زندگی بچانے میں ممدومعاون ہوتا ہے۔ اس لئے شہری دو ہزار کے چالان کروانے کی بجائے ہیلمٹ کا استعمال یقینی بنائیں تا کہ ہیڈ انجری کیساتھ ساتھ سموگ کے مضر اثرات سے بھی بچاؤ ممکن ہو۔
انہوں نے بتایا کہ سٹی ٹریفک پولیس کی جانب سے بھی مختلف جگہوں پر مفت ہیلمٹ تقسیم کے گئے ہیں تاکہ عوام کو موٹرسائیکل پر سفر کرتے ہوئے ہیلمٹ پہننے کی ترغیب ملے۔











