اسلام آباد، 17نومبر (اے پی پی): لاہور نے نیشنل بنک ٹی ٹوئنٹی بلائنڈ کرکٹ ٹرافی 2023 ءکا فیصلہ کن میچ جیت کر ایونٹ اپنے نام کر لیا ۔
شالیمار کرکٹ گراﺅنڈ اسلام آباد میں کھیلے جانے والے فائنل مقابلے میں لاہور نے بہاولپور کو شکست دی اور گریڈ ون کے 14 ویں ایڈیشن کا ٹائٹل جیت لیا ۔ فائنل مقابلے میں لاہور نے ٹاس جیت کر بہاولپور کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ بہاولپور کے اوپنرز محمد راشد اور معین اسلم نے بیٹنگ کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو بہترین آغاز فراہم کیا، بہاولپور کی پہلی وکٹ محمد راشد کے 161 رنز پر آﺅٹ ہوتے ہوئے گری، محمد راشد نے 54 گیندوں پر 93 رنز سکور کیا اور رن آﺅٹ ہوئے ۔
معین اسلم اور ظفر اقبال نے پھر ایک اور زبردست شراکت سے ٹیم کا سکور آگے بڑھایا ، اس طرح بہاولپور نے مقررہ 20 اوورز میں صرف دو وکٹوں کے نقصان پر 231 رنز بنائے۔ معین اسلم نے 53 گیندوں پر 85 رنز بنائے اور ظفر اقبال نے 9 گیندوں پر 22 رنز سکور کیا ۔
بہاولپور کی بیٹنگ کے جواب میں لاہور نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہدف کا تعاقب کیا اور اننگز کے آخری اوور میں ایک وکٹ کے نقصان پرہدف پورا کر لیا۔لاہور کی جانب سے بدر منیرنے عمدہ بلے بازی کے کا مظاہرہ کیا اور صرف 70 گیندوں پر 123 رنز بنا ئے اور ناٹ آوٹ رہے جبکہ محمد سلمان نے 40 گیندوں پر 76 رنز کی عمدہ اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کوفیصلہ کن میچ جیتنے میں اہم کردار ادا کیا ۔ بہاولپور کی جانب سے محمد اعجاز واحد بولر تھے جنہوں نے وکٹ حاصل کی۔اس طرح لاہور نے 9 وکٹوں سے ایونٹ اپنے نام کیا ۔
میچ میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر بدر منیر کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا ۔











