لاہور، 17 نومبر (اے پی پی): چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان کی زیر صدارت سول سیکرٹریٹ میں اجلاس منعقد ہوا جس میں غیر قانونی طور پر موٹر سائیکل رکشہ تیار کرنے والی ورکشاپس کیخلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ کیا گیا۔
چیف سیکرٹری نے غیر قانونی طور پر موٹر سائیکل رکشہ تیار کرنے والی ورکشاپس کیخلاف سخت کارروائی کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ موٹرسائیکلوں کو رکشہ میں تبدیل کرنا غیر قانونی ہے، سیفٹی سٹینڈرڈز کے بغیر تیار کئے گئے موٹر سائیکل رکشہ ماحولیاتی آلودگی، حادثات کا سبب بنتے ہیں۔
چیف سیکرٹری نے کہا کہ غیر رجسٹرڈ موٹر سائیکل رکشوں کو رجسٹریشن کیلئے ایک ماہ کی مہلت دی گئی ہے، صرف فٹنس کے معیار پر پور اترنے والے موٹر سائیکل رکشوں کی رجسٹریشن کی جائے گی۔ انھوں نے کہا کہ ایک ماہ بعد کسی غیر رجسٹرڈ موٹر سائیکل رکشہ کو چلنے کی اجازت نہیں ہوگی۔
چیف سیکرٹری نے سیکرٹری صنعت کو موٹر سائیکل رکشہ تیار کرنے والی ورکشاپس کی رجسٹریشن کیلئے لائحہ عمل تیار کرنے کی ہدایت بھی دی۔
محکمہ ٹرانسپورٹ کے حکام نے اجلاس کو تفصیلی بریفنگ میں بتایا کہ اب تک سات کمپنیوں کو موٹرسائیکل رکشہ تیار کرنے کے لائسنس دیئے گئے ہیں۔ زیادہ تر موٹرسائیکل رکشہ سیفٹی سٹینڈرڈز کے بغیرمقامی ورکشاپس میں تیار کئے جا رہے ہیں۔
اجلاس میں محکمہ صنعت اورقانون کے سیکرٹریز، ڈپٹی کمشنرز، سی ٹی او لاہور اور متعلقہ افسران نے شرکت کی۔











