ملتان ،3نومبر( اے پی پی ): کمشنر انجینئر عامر خٹک نے کہا ہے کہ شہر میں صفائی صورتحال کی بہتری کیلئے ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی استعداد کار میں اضافہ ناگزیر ہے تاہم موجودہ وسائل میں رہتے ہوئے کمپنی کی کارکردگی کا کڑا آڈٹ کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ عوام کو ریلیف دیا جاسکے۔کمشنر نے کہا کہ حکومت پنجاب نے شہر اولیاءمیں جدید طرز پر صفائی سسٹم کیلئے کمپنی کو وافر فنڈز فراہم کئے ہیں فنڈز کا شفاف استعمال کرتے ہوئے کمپنی کو قدموں پر کھڑا کرنے کیلئے نئی مشینری خریداری اور عملہ بھرتی کا عمل تیز کرنے کا حکم دیا ہے ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے بورڈ آف ڈائریکٹرز اور کمپنی انتظامیہ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر چیئرمین ویسٹ مینجمنٹ کمپنی میاں راشد اقبال ،چیف ایگزیکٹو آفیسر شاہد یعقوب،بورڈ ارکان سابق آئی جی پولیس سید ابن حسین ،محمد حسن طارق،محمد عثمان خواجہ ،محمد سمیع اللہ خان بھی شریک ہوئے۔اجلاس میں کمپنی کی کارکردگی اور صفائی نظام کی بہتری کیلئے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
کمشنر انجینئر عامر خٹک نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شہر میں صفائی شکایات کے مستقل ازالے کیلئے کڑے اقدامات کا وقت آگیا ہے طویل عرصے سے مشینری کی کمی کے باعث صفائی نظام متاثر ہورہا ہے۔کمشنر نے الٹی میٹم دیا کہ شہریوں کی صفائی سے متعلق شکایات میں اضافہ ہورہا ہے جس کے ازالے کیلئے کمپنی فیلڈ سٹاف جانفشانی سے خدمات سرانجام دے۔عامر خٹک نے ہدایت کی کہ فنڈز کو ضائع ہونے سے بچانے کیلئے کمپنی انتظامیہ فوری پروکیورمنٹ پلان تشکیل دے اور سسٹم میں جدید مشینری شامل کرے تاکہ گلی محلوں کی سطح پر بھی گندگی کو صاف کیا جاسکے۔کمشنر انجنئیر عامر خٹک نے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ بورڈ آف ڈائریکٹرز اور کمپنی انتظامیہ شہر کی صفائی بہتری کیلئے اقدامات کررہے ہیں طویل عرصے سے آپریشنل مشینری اپ گریڈ ہونے کے باعث کنٹینرز اور گاڑیوں کی معیاد ختم ہوچکی ہے جس کے باعث کمپنی کو نئی مشینری اور افرادی قوت فراہم کئے بغیر صفائی نظام کو مثالی بنانا ممکن نہیں۔
عامر خٹک نے کہا کہ حکومت پنجاب نے نئی یونین کونسلز کو بھی کمپنی حدود میں شامل کرنے کی ہدایت کی ہے جس کے بعد کمپنی کی ذمہ داریوں میں مزید اضافہ ہوگا۔عامر خٹک نے کہا کہ آپریشنل معاملات اور صفائی آپریشن میں بہتری چیف ایگزیکٹو آفیسر کی ذمہ داری ہے جبکہ بورڈ آف ڈائریکٹرز کمپنی کی بہتری کیلئے پالیسی بناکر عملدرآمد کرانے کا پابند ہے مشترکہ حکمت عملی ترتیب دیکر یونین کونسل لیول تک صفائی عملے کی چیکنگ اور مانیٹرننگ کیلئے خصوصی اقدامات کئے جائیں۔عامر خٹک نے کمپنی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ شہریوں کی شکایات کا ازالہ کرنے کیلئے نئے کنٹینرز اور ڈسٹ بن اور ہتھ گاڑیوں کو صفائی سسٹم میں شامل کیا جائے۔انہوں نے انتباہ کیا کہ کمپنی افسران و سیکٹر انچارجز ناقص کارکردگی پر کڑے احتساب کیلئے تیار رہیں۔اس موقع پر چیرمین بورڈ آف ڈائریکٹرز میاں راشد اقبال نے کہا کہ عوامی امیدوں پر پورا اترنے کیلئے کمپنی میں خصوصی اصلاحات کی جارہی ہیں۔ںورڈ کو شہر میں صفائی کے مسائل کا بخوبی اندازہ ہے بورڈ کے پلیٹ فارم سے فیلڈ سٹاف کو مکمل سپورٹ فراہم کرینگے۔قبل ازیں چیف ایگزیکٹو آفیسر شاہد یعقوب نے کمپنی کارکردگی کے حوالے سے تفصیلی بریفننگ بھی دی۔