ملتان؛محفوظ معاشرے کے قیام کے لیے روڈ ٹریفک قوانین پر عمل کریں ،ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر

29

ملتان،19 نومبر (اے پی پی):ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسرڈاکٹر کلیم اللہ نے کہا ہے کہ ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ محفوظ معاشرے کے قیام کے لیے روڈ ٹریفک قوانین پر عمل کریں۔

یہ بات انہوں نے روڈٹریفک حادثات کے متاثرہ لوگوں کی یاد میں دن کے حوالے سے سنٹرل اسٹیشن ریسکیو1122چوک کمہاراں والہ ملتان پرمنعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے  بتایا کہ ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کی رپورٹ کے مطابق دنیا کے ترقی یافتہ ممالک میں روڈ ٹریفک حادثات کی شرح 5 فیصدہے جبکہ پاکستان میں روڈ ٹریفک حادثات کی شرح خوفناک حد تک زیادہ ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان میں ہونے والے روڈ ٹریفک حادثات زیادہ تر موٹر سائیکل سواروں اور لاپرواہی،غفلت کی وجہ سے ہورہے ہیں یا وہ کسی بڑے حادثے کی وجہ بن رہے ہیں، متاثر ہونے والے لوگوں میں نوجوانوں کی تعداد سب سے زیادہ ہے جس کی وجہ سے خاندان اور معاشرے کو ناقابل تلافی نقصان پہنچ رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ریسکیو 1122کی کمیونٹی سیفٹی پروگرام کے تحت آگاہی مہم چلا رہے ہیں جس کی وجہ سے لوگوں میں شعور ا جاگر ہو رہا ہے۔بعد ازاں آگاہی واک کابھی اہتمام کیاگیا جس میں ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسرڈاکٹر کلیم اللہ،ایمرجنسی آ فیسر ایڈمن انجینئر محمدبلال، ریسکیو سیفٹی آفیسر محمد ارشدخان اور تمام آفیسران، ریسکیورز اور روڈ ٹریفک حادثات میں متاثر ہونے والے لوگوں نے بھی شرکت کی۔