ملتان ،20 نومبر( اے پی پی ): بچے کسی بھی قوم کا مستقبل ہوتے ہیں مگر ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت غزہ میں نسل کشی کی جارہی ہے ،7 اکتوبر سے اب تک اسرائیلی فوج کے حملوں میں پانچ ہزار سے زائد بچے شہید ہوچکے ہیں جس پر دنیا کی خاموشی لمحہ فکریہ ہے۔
ان خیالات کا اظہار مہمانان گرامی نے یونیورسل چلڈرن ڈے کے موقع پر ینگ پاکستانیز آرگنائزیشن اور ٹاپ لائن سکولز سسٹم ملتان کے زیراہتمام منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، جس کی صدارت سابق رکن صوبائی اسمبلی بابو نفیس احمد انصاری نے کی مہمانان خاص ڈپٹی ڈائریکٹراین ایچ اے اسلام آباد سبطین رضا لودھی، پروجیکٹ منیجر سپیرئیر گروپ آف کالجز جنوبی پنجاب شیخ عادل فاروق، ڈائریکٹر ٹاپ لائن سکولز پروفیسر جاوید اقبال اور صدر ینگ پاکستانیز آرگنائزیشن نعیم اقبال نعیم تھے جبکہ مہمانان اعزاز میں پرنسپل ٹاپ لائن سکول میڈم شاہین جاوید، وائس پرنسپل میڈم سائرہ، آصف علی زاوش، ہمایوں واجد شامل تھے۔
اس موقع پر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 20 نومبر پاکستان سمیت دنیا بھر میں بچوں کے عالمی دن کے طور پر منایا جاتا ہے جس کا مقصد لوگوں میں بچوں کے حقوق کے تحفظ کے حوالے سے شعور اجاگر کرنا ہے مگر آج فلسطینی بچوں کے حقوق کی سنگین خلاف ورزی کرنے والے اسرائیل کو کوئی پوچھنے والا نہیں ہے ہم نے آج یونیورسل چلڈرن ڈے کو فلسطینی شہداءبچوں سے منسوب کرکے ان کو خراج عقیدت پیش کررہے ہیں۔
علاوہ ازیں اس موقع پر سکول کے بچوں نے خاکوں اور ٹیبلوز کے ذریعے فلسطینی بچوں کو خراج عقیدت پیش کیا اور شہداءبچوں کیلئے چراغ روشن کئے۔ آخرمیں غزہ پر اسرائیلی جارحیت کیخلاف احتجاجی مظاہرہ بھی کیا گیا۔