ملتان؛ بجلی چوروں کے خلاف آپریشن جاری، مزید 82 صارفین پکڑے گئے

8

ملتان،05 نومبر(اے پی پی ):وزیر اعظم پاکستان کی ہدایت پر میپکو ریجن میں بجلی چوروں کے خلاف آپریشن جاری ہے،ایک روز میں مزید82صارفین بجلی چوری کرتے ہوئے پکڑے گئے، 50 نئے مقدمات کا اندراج ہوا،9 بجلی چور موقع سے گرفتار کئے گئے، بجلی چوروں کو56لاکھ 50 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا،10 لاکھ80 ہزار وصول کئے گئے۔

 داجل سب ڈویژن راجن پور میں ڈائریکٹ تاروں سے زرعی ٹیوب ویل کنکشن پر بجلی چوری پکڑی گئی۔ میپکوٹیم پر بجلی چور صارف ذاقم گورچانی اور ہاشم علی نے حملہ کردیا۔ بجلی چور نے کلہاڑی اور آہنی راڈزسے لیس ہوکر اہلکاروں کو زدوکوب کیا اور جان سے مارنے کی دھمکیاں دیں۔ ایس ڈی او داجل سب ڈویژن نے تھانہ ہڑند میں مقدمہ درج کروادیا۔ سنگم سب ڈویژن ڈی جی خان کی بستی قصائی والا میں بڑے پیمانے پر بجلی چوری پکڑلی۔ 20افراد ڈائریکٹ تاروں سے بجلی چوری کررہے تھے۔ بستی چمرو والا میں بھی 7افراد ڈائریکٹ تاریں لگاکر بجلی چوری کرتے ہوئے پکڑے۔ ٹیم نے ایل ٹی لائنیں اور پی وی سی اُتارلی۔ مقدمات کے اندراج کے لئے درخواستیں دیدیں۔4نومبر 2023ء کو ملتان سرکل میں 6 بجلی چوروں کو5 لاکھ30 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا اور6 مقدمات کا اندراج ہوا۔

ڈیرہ غازی سرکل میں 21 صارفین کو9 لاکھ10ہزار روپے جرمانہ عائد اور 21 مقدمات درج ہوئے جبکہ 9بجلی چوروں کو موقع سے گرفتار کیاگیا۔ وہاڑی سرکل میں 7صارفین کو3 لاکھ روپے جرمانہ عائد اور5 مقدمات درج، بہاولپور سرکل میں 7بجلی چوروں کو4 لاکھ روپے جرمانہ عائد اور5 ایف آئی آرز درج، ساہیوال سرکل میں 14 صارفین کو9 لاکھ70 ہزار روپے جرمانہ عائداوردو مقدمات درج، رحیم یار خان سرکل میں 15 بجلی چوروں کو9 لاکھ40 ہزار روپے جرمانہ عائد، مظفر گڑھ سرکل میں 6 افراد کوایک لاکھ50 ہزار روپے جرمانہ عائد اور 5 مقدمات درج، بہاولنگر سرکل میں ایک بجلی چور کو30ہزار روپے جرمانہ عائد اورایک ایف آئی آر درج، خانیوال سرکل میں 5بجلی چوروں کو14 لاکھ30 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا اور5 مقدمات کا اندراج ہوا۔

میپکو ریجن میں نادہندگان کے خلاف جاری آپریشن میں ایک روز میں 13کروڑ42لاکھ20ہزارروپے وصول کئے گئے۔ وصولیاں گھریلو/کمرشل/صنعتی/زرعی ٹیوب ویل رننگ اور ڈیڈ ڈیفالٹرز سے کی گئیں اور عدم ادائیگی واجبات/بقایاجات پر کنکشنز منقطع کرکے میٹرز اور ٹرانسفارمرز بھی اُتارے گئے۔