ملتان؛ حکومت پنجاب کی ہدایت پر عوام کو سرکاری آٹے کی فراہمی کیلئے اقدامات شروع

63

ملتان، 18 نومبر (اے پی پی ): ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ رضوان قدیر نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ ملتان  نے  عوام کو سرکاری آٹے کی فراہمی کیلئے اقدامات شروع کردیے گئے ہیں اس سلسلے میں محکمہ فوڈ ملتان کی جانب سے فلور ملز کو سرکاری گندم کا اجراء شروع کردیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ سرکاری 10 کلو آٹے کا تھیلا شہریوں کو 1399 روپے کا فراہم کیا جائے گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے محکمہ خوراک کے آفس کا دورہ کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر فوڈ شاہد کھوکھر اور ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر احمد جاوید نے بریفنگ دی۔

ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ رضوان قدیر نے کہا کہ 40 کلو گرام سرکاری گندم کی بوری 47 سو روپے میں فلور ملز کو فراہم کی جائے گی جبکہ 10 کلو کا سرکاری آٹا 1399 روپے میں مارکیٹ میں فروخت کیاجائے گا۔ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ آٹے کی فراہمی کیلئے شہر کی مختلف دکانوں پر سرکاری آٹے کی فروخت کے پوائنٹس بنائے جائیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ 60 سے زائد فلورملز کو سرکاری گندم کی فراہمی سے مارکیٹ مستحکم رہے گی۔

ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ ضلع کے 17 پی آر سنٹرز پر گندم وافر مقدار میں موجود ہے،آٹے کی شفاف ترسیل کیلئے فلور ملز کی بھرپور چیکنگ اور آڈٹ کا بھی حکم جاری کیا ہے۔