ملتان ؛ کمشنر کی جانب سے عوامی شکایات کے ازالے کیلئے رجسٹریشن برانچوں کی انسپیکشن کا حکم

29

ملتان ،17 نومبر( اے پی پی ): کمشنر ملتان ڈویژن انجینئر عامر خٹک نے رجسٹری برانچوں کے معاملات میں شفافیت لانے کا الٹی میٹم دیتے ہوئے عوامی شکایات کے ازالے کیلئے ڈویژن بھر کی رجسٹریشن برانچوں کے انسپیکشن کا حکم دیدیا۔انہوں نے کہا کہ ڈپٹی کمشنرز عوام کو ریلیف دینے کیلئے رجسٹری برانچوں کے معاملات کی ذاتی نگرانی کریں۔ان خیالات کا اظہار کمشنر انجینئر عامر خٹک نے گڈ گورننس کے حوالے سے ڈپٹی کمشنرز کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ رجسٹری برانچوں میں ٹاوٹ مافیا کی نشاندھی کیلئے سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے جائیں۔ٹیکس اور رجسٹری فیسوں کے شیڈول کے حوالے سے بینرز بھی آویزاں کئے جائیں۔رجسٹری محرروں اور سٹاف کی کارکردگی کو سپیشل برانچ سے چیک کرایا جائے گا۔

ڈپٹی کمشنرز لینڈ ریکارڈٹمپرنگ کی حوصلہ شکنی کیلئے سپیشل چیکنگ ٹیمیں تشکیل دیں،ریونیو واجبات اور سرکاری ٹیکسوں کی وصولی کیلئے نادہندگان کی جائیدادوں کو بلاک کیا جائے، ڈپٹی کمشنرز اور متعلقہ افسران بھی اجلاس میں موجود تھے۔