نگران صوبائی وزیر تعلیم منصور قادر کی صدارت میں یونیورسٹی آف ہوم اکنامکس کا سنڈیکیٹ اجلاس

9

لاہور07نومبر ( اے پی پی ): لاہورسول سیکرٹیریٹ میں ہوم اکنامکس یونیورسٹی کاسنڈیکیٹ اجلاس نگران صوبائی وزیر تعلیم منصور قادرکی زیر صدارت منعقد ہوا۔سنڈیکیٹ نے ہوم اکنامکس یونیورسٹی کے بجٹ اور تنخواہوں میں 35 فیصد اضافہ کی منظوری دے دی۔ اجلاس میں بورڈز کے پوزیشن ہولڈرز کو یونیورسٹی میں داخلہ لینے پر فیس میں 100 فیصد معافی کی منظوری بھی دی گئی۔ سنڈیکیٹ نے سلیکشن بورڈ اور بورڈ آف ایڈوانسڈ اسٹڈیز اینڈ ریسرچ کے ممبران کی تقرریوں کی منظوری دے دی۔ اجلاس میں یونیورسٹی میں ریگولر خزانچی اور کنٹرولر امتحانات کی تعیناتی کی بھی منظوری دی گئی اور اس مقصد کیلئے یہ کیس چانسلر کو بھیجنے کا فیصلہ کیا گیا۔وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر فلیحہ زہرا کاظمی نے سنڈیکیٹ میں اپنی 3 مہینوں کی کارکردگی رپورٹ پیش کی۔ وائس چانسلر نے بتایا کہ یونیورسٹی میں ایم فل اور پی ایچ ڈی ڈگری پروگرامز کے آغاز کیلئے تمام ضوابط مکمل کر لیے گیے ہیں، سنڈیکیٹ نے ہوم اکنامکس یونیورسٹی میں انٹرمیڈیٹ کالج شروع کرنے کی منظوری  بھی دی۔سنڈیکیٹ نے ہوم اکنامکس یونیورسٹی کے ملازمین کو اوور ٹائم دینے کے لیے پالیسی کی منظوری بھی دی۔سنڈیکیٹ نے فنانشل ایڈ آفس اور سٹوڈنٹس فیسلیٹشن سنٹرز کے قیام کی منظوری دے دی۔ اجلاس میں ٹی ٹی ایس اساتذہ کے مسائل محکمہ ہائیر ایجوکیشن اور فنانس کی مشاورت سے حل کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ اجلاس میں وائس چانسلر ڈاکٹر فلیحہ زہرا کاظمی، رجسٹرار شجاعت منیف قریشی، ڈاکٹر غزالہ عرفان نے شرکت کی جبکہ  ڈاکٹر رخسانہ ڈیوڈ، شاہد محمود، محمد انور رشید، ڈاکٹر نسیم احمد، ڈاکٹر عنبرین جاوید، پروفیسر ڈاکٹر نجمہ نجم،  ڈائریکٹر پنجاب ایچ ای سی مقبول راؤ بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔