نگران صوبائی وزیر صحت  پنجاب  کا  مدر اینڈ چائلڈ ہیلتھ کیئر،نشتر 2 ہسپتال کا دورہ،تعمیراتی کام جلد  مکمل کرنےکی ہدایت

27

ملتان۔ 16 نومبر (اے پی پی):نگران  وزیر صحت  پنجاب ڈاکٹر جاوید اکرم نے  زیر تعمیر مدر اینڈ چائلڈ ہیلتھ کیئر ہسپتال اور نشتر 2   ہسپتال کا دورہ کیا اور   تعمیراتی کام کا جائزہ لیا۔انہوں  نے تعمیراتی کام کو بروقت مکمل کرنے،معیار کو ہر صورت یقینی بنانے  اور مدر اینڈ چائلڈ کیئرہسپتال کو مقررہ مدت میں  فنکشنل کرنے کی ہدایت کی۔

انہوں نے کہا کہ ہسپتال میں بہترین طبی سہولیات  اور ماں  اور  بچے کی صحت کے حوالے سے جدید سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ مدراینڈ چائلڈ ہیلتھ کیئر پراجیکٹ پر 3 ارب 20 کروڑ 64 لاکھ روپے خرچ کئے جا رہے ہیں اوریہ ہسپتال 200 بیڈز پرمشتمل ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ اس ہسپتال سے نہ صرف جنوبی پنجاب بلکہ دوسرے صوبوں اورعلاقوں کے لوگ بھی استفادہ کرسکیں گے۔

بعد ازاں صوبائی وزیر صحت نے نشتر2 کی او پی ڈی کا بھی دورہ  کیا، مریضوں سے سہولیات بارے دریافت کیا اورتعمیراتی کام کا جائزہ لیا۔ اس موقع پروائس چانسلر نشتر میڈیکل یونیورسٹی ڈاکٹر رانا الطاف احمد بھی موجود تھے۔