نگران وزیراعلی کی مزار اقبال پرحاضری، فاتحہ خوانی کی،ملکی ترقی ،غزہ اور مظلوم کشمیریوں کی آزادی کیلئے خصوصی دعا کی

24

لاہور،9نومبر (اے پی پی):نگران وزیراعلی پنجاب محسن نقوی نے یوم اقبال پر جمعرات کو شاعر مشرق علامہ محمد اقبال کے مزار پرحاضری دی۔وزیراعلی نے مزار اقبال پر پھول رکھے،فاتحہ خوانی کی ، ملک کی ترقی و خوشحالی، استحکام سا  لمیت اور امن کیلئے دعا کی۔

وزیر اعلی نے غزہ اور مقبوضہ کشمیر کے مظلوم عوام کی آزادی کے لئے بھی خصوصی دعا کی۔چیئرمین رویت ہلال کمیٹی پاکستان مولانا عبدالخبیر آزاد نے دعا کرائی۔

وزیر اعلی نے عظیم مفکر اور شاعر مشرق علامہ اقبال کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ علامہ اقبال نے اپنی شاعری کے ذریعے امن اور بھائی چارے کا پیغام دیا،ہم علامہ اقبال کے افکار پر عمل پیرا ہو کر کامیابی حاصل کر سکتے ہیں جبکہ علامہ اقبال کا پیغام امید اور خود داری کا ہے۔

صوبائی وزرا منصور قادر، عامر میر، اظفر علی ناصر، ابراہیم حسن مراد، بلال افضل، صوبائی مشیر کنور دلشاد، انسپکٹر جنرل پولیس، سی سی پی او، سٹیشن کمانڈر پاکستان نیوی لاہور،سیکرٹری سیاحت، سیکرٹری اطلاعات، کمشنر لاہورڈویژن، ڈپٹی کمشنر اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔