اسلام آباد، 15 نومبر (اے پی پی): نگراں وزیر برائے نیشنل فوڈ سیکیورٹی اینڈ ریسرچ ڈاکٹر کوثر عبداللہ ملک نے ملک میں قدرتی وسائل کے تحفظ اور زراعت کی ترقی کے لیے ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے کے لیے فوری اقدامات کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے ۔
تھرپارکر (سندھ) میں “ایکولوجیکل بیس لائن سروے رپورٹ” کی رونمائی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تھرپارکر میں معاش کے لیے سماجی و اقتصادی پیکیج ناگزیر ہے۔انہوں نے کہا کہ انٹرنیشنل یونین فار کنزرویشن آف نیچر ایک علمی تحقیقی پلیٹ فارم ہے جس کی مدد سے ہم ماحولیات سے متعلق بہت سے مسائل کو حل کر سکتے ہیں۔
ڈاکٹر کوثر عبداللہ ملک نے ماحولیات میں نجی شعبوں کے مثبت اقدامات اور گہری دلچسپی کو سراہتے ہوئے کہا کہ کچھ علاقوں میں پانی آلودہ ہو رہا ہے کیونکہ پانی میں گندگی کے ڈھیر نظر آ رہے ہیں جس سے ماحول متاثر ہو رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تمام اسٹیک ہولڈرز کو اس آبی آلودگی کو ختم کرنے کے لیے سنجیدہ اقدامات کرنے چاہئیں۔
ملکی نمائندہ برائے انٹرنیشنل یونین فار کنزرویشن آف نیچر محمود اختر چیمہ، سابق سینیٹر جاوید جبار، پروفیسر زیڈ بی مرزا، ماہر نباتات خیرپور یونیورسٹی ڈاکٹر مظفر حسین سروہی اور سی ای او (SECMS) عامر اقبال نے بھی تقریب میں شرکت کی۔