ساہیوال ،یکم نومبر 2023 ء ( اے پی پی ): وزیر اعلیٰ پنجاب سید محسن نقوی نے ساہیوال انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے قیام کی با ضابطہ منظوری دے دی سیکرٹری ہیلتھ علی جان خان نے منظوری کے بعد رحمت العالمین ﷺبلاک کو “ساہیوال انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی” میں تبدیل کرنے کا نوٹیفیکیشن جاری کر دیا۔
کارڈیالوجی انسٹی ٹیوٹ کا قیام کمشنر ساہیوال شعیب اقبال سید کی انتھک کاوشوں کی بدولت ممکن ہوا۔انسٹی ٹیوٹ میں دل کے تمام امراض خصوصاً بائی پاس اور انجیوپلاسٹی کے علاج کی جدید سہولیات فراہم ہونگی ۔کارڈیالوجی انسٹی ٹیوٹ کے قیام سے ساہیوال ڈویژن اور اردگرد کے اضلاع کے ہزاروں مریضوں کو فائدہ پہنچے گا۔
شہر کے سماجی و سیاسی حلقوں کا وزیر اعلیٰ پنجاب سید محسن نقوی اور کمشنر ساہیوال شعیب اقبال سید سے اظہار تشکرکیا۔ساہیوال انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی ساہیوال ٹیچنگ اسپتال میں بنایا جا رہا ہے،جس کا وعدہ وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے اپنے حالیہ دورہ ساہیوال کے دوران کیا تھا۔