وزیر اعلیٰ پنجاب سید محسن نقوی عوام کو کینسر کا اسٹیٹ آف دی آرٹ ہسپتال دینا چاہتے ہیں؛ پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم

21

لاہور،02 نومبر( اے پی پی): نگران صوبائی وزیر صحت پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب سید محسن نقوی عوام کو کینسر کا اسٹیٹ آف دی آرٹ ہسپتال دینا چاہتے ہیں ماضی میں کسی حکومت نے کینسر کے ہسپتال کا سوچا بھی نہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں  نے پاکستان کڈنی اینڈ لیور انسٹی ٹیوٹ  میں اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن سے سپیشل سیکرٹری آپریشنز راجہ منصور احمد اور ایڈیشنل سیکرٹری ٹیکنیکل ڈاکٹر حافظ شاہد لطیف نے شرکت کی۔اجلاس میں وڈیو لنک کانفرنس کے ذریعے سیکرٹری فنانس مجاہد شیر دل اور چیئرمین پی کے ایل آئی بورڈ آف مینجمنٹ پروفیسر ڈاکٹر سعید اختر نے شرکت کی۔

نگران صوبائی وزیر صحت پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم نے اجلاس کے دوران پنجاب کی عوام کیلئے پہلے کینسر ہسپتال کے کنسیپٹ پیپر کا جائزہ لیا۔پاکستان کڈنی اینڈ لیور انسٹی ٹیوٹ کے ذمہ داران نے اس حوالہ سے نگران صوبائی وزیر صحت پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم کو بریفنگ دی۔

نگران صوبائی وزیر صحت پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہا کہ پاکستان سمیت پوری میں کینسر کا علاج اور ادویات بہت مہنگی ہیں، ہم پنجاب میں کینسر کے مریضوں کو ایک ہی چھت تلے تمام طبی سہولیات فراہم کرنا چاہتے ہیں،پنجاب میں ہی صرف کینسر کے مریضوں کو اربوں روپے کی مفت ادویات فراہم کی جاتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی کے ایل آئی سے منسلک کینسر ہسپتال اسٹیٹ آف دی آرٹ ہوگا،پی کے ایل آئی کو کینسر ہسپتال کیلئے ایچ آر سمیت تمام تر وسائل مہیا کئے جائیں گے۔