لاہور،31 اکتوبر ( اے پی پی ): نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جمال ناصر نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ محسن نقوی کی ہدایت پر پنجاب کے 22 تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتالوں کی ری ویمپنگ مکمل کر لی گئی ہے مزید 49 تحصیل و ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتالوں کی ری ویمپنگ دسمبر تک مکمل کر لی جائے گی، چھوٹے شہروں اور دیہات میں واقع 1645 بنیادی مراکز صحت کو 24 گھنٹے مریضوں کا علاج کرنے کا حکم دے دیا گیا ہے۔
ان خیالات کا اظہا ر انہوں نے منگل کو یہاں محکمہ پرائمری و سیکنڈری ہیلتھ کیئر میں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں محکمہ پرائمری ہیلتھ کے ہسپتالوں میں جاری ترقیاتی کاموں، طبی سہولتوں کی فراہمی، عملے کی تعیناتی اور دیگر انتظامی امور کاجائزہ لیا گیا۔
اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر جمال ناصر نے کہا کہ پبلک سروس کمیشن کے ذریعے نئے بھرتی ہونے والے ایک ہزار ڈاکٹروں کو بنیادی مراکز صحت میں تعینات کیا جا رہا ہے،نئے بھرتی ہونے والے ایک ہزار ڈاکٹروں کو تقرر نامے بہت جلد جاری کئے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سرکاری ہسپتالوں میں باہر سے دوائیاں منگوانا اور ٹیسٹ کروانا ناقابل برداشت ہے، تمام ہسپتالوں میں لیبارٹریاں اور مشینری ہر وقت فعال رکھی جائے، مریضوں کو شکایت نہ ہو، ڈاکٹروں کی جنرل ڈیوٹی ختم کر کے باقاعدہ ڈیوٹیاں لگائی جائیں، تمام میڈیکل سپرنٹنڈنٹس روزانہ صبح پورے ہسپتال کا وزٹ کریں اور درکار سہولتوں کی دستیابی یقینی بنائیں۔
ڈاکٹر جمال ناصر نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب محسن نقوی کی ہدایت پر سرکاری ہسپتالوں کی بہتری کے لئے فزیبلٹی رپورٹ تیارکر رہے ہیں،دور دراز اور پسماندہ علاقوں میں صحت کی سہولتوں کی فراہمی وزیر اعلیٰ محسن نقوی کی اولین ترجیح ہے ۔