وفاق اورصوبائی حکومت صنعت و انڈسٹری کی ترقی کیلئے پوری طرح سے کوشاں ہے, گورنر خیبرپختونخوا غلام علی

4

پشاور،07 نومبر(اے پی پی): گورنر خیبرپختونخوا حاجی غلام علی نے کہاہے کہ وفاق اورصوبائی حکومت صنعت و انڈسٹری کی ترقی کیلئے نہ صرف پوری کوشش کررہی ہے بلکہ ایسے سنجیدہ اقدامات اٹھا رہی ہے کہ جس سے ملکی صنعت کا پہیہ بغیر کسی مشکل اور رکاوٹ کے چلتا رہے۔

صنعتی مشکلات اور بزنس کمیونٹی کو درپیش مشکلات کا خاتمہ اپنا اولین فرض سمجھتا ہوں کیونکہ صنعت وتجارت کو مشکلات سے نکالنے سمیت ملکی انڈسٹری کوسہولیات کی فراہمی سے ہی نہ صرف ملکی معیشت کو استحکام حاصل ہوگا بلکہ بے روزگاری کا خاتمہ بھی ممکن ہوسکے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کے روز گورنر ہاوس پشاور میں انڈسٹریلسٹس ایسوسی ایشن پشاور کے نمائندہ وفد نے صدر ایوب خان زکوڑی کی قیادت میں نمائندہ وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔وفد میں سابق صدر ریاض ارشد، سیکرٹری جنرل مقتصد احسن، ملک نیاز احمد، جنید الطاف، فرہاد اسفندیار، فیصل صافی اور وصی اللہ شامل تھے۔

وفد نے گورنر کو اندسٹریل اسٹیٹ حیات آباد کے مسائل و مشکلات بالخصوص لیبر ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے سوشل سیکورٹی، بجلی وگیس چارجز سمیت دیگر مسائل سے آگاہ کیا۔ وفد نے بتایا کہ انڈسٹریل اسٹیٹ حیات آباد پولیس کے ساتھ تعاون و سہولیات کو یقینی بنارہی ہے اور اس حوالے سے انسپکٹرجنرل آف پولیس سے بھی ملاقات ہوئی تھی جس میں حیات آباد پولیس چوکی کو انڈسٹریل اسٹیٹ میں منتقل کرنے کی بات ہوئی تھی جس کا پی سی ون بھی مکمل ہوگیا لیکن فنڈز کی عدم دستیابی کے باعث یہ کام مکمل نہیں ہوسکا۔ موجودہ حالات کی تناظر میں حیات آباد انڈسٹریل اسٹیٹ میں پولیس چوکی کا قیام جلد ازجلد ہوناچاہئیے۔وفد نے مختلف ادویات تیار کرنیوالے فارماسوئیٹیکل کمپنیوں کو ہمسایہ ملک افغانستان برآمد کرنے سے متعلق درپیش مشکلات سے بھی آگاہ کیا جس پر گورنرنے کہا کہ ایف پی سی سی آئی ریجنل آفس پشاور اور انڈسٹریلسٹس ایسوسی ایشن کے اراکین افغان قونصل جنرل سے مشترکہ ملاقات میں اس مسئلے کے حل کیلئے کوشش کی جائیگی۔گورنر نے باقی ماندہ مسائل کو متعلقہ محکموں کیساتھ ملکر فوری حل کیلئے یقین دہانی کرائی۔ وفد کے شرکاء نے بزنس کمیونٹی اور عوام کی بے لوث خدمت پر گورنر کو خراج تحسین بھی پیش کیا

وفد سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر کا کہنا تھاکہ صنعتی شعبے کی ترقی ملکی معیشت کی ترقی ہے، پشاور سمیت ملک بھر کی انڈسٹری اور صنعتکاروں کی ملکی ترقی میں خدمات کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ہے، صنعتوں اور صنعتکاروں کی بدولت ملک میں روزگار کی فراہمی کے ساتھ ساتھ ملکی معیشت کا پہیہ بھی چل رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بزنس کمیونٹی اس ملک کا فخر اور اثاثہ ہیں جنہوں نے اپنی محنت سے نہ صرف معیشت کو سنھبالہ دے رکھا ہے بلکہ کئی ایک کو روزگار بھی فراہم کررکھا ہے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ صوبائی اور وفاقی حکومت کی بھی یہ خواہش ہے کہ بزنس کمیونٹی اور سرمایہ کاروں کو تمام سہولیات مہیا کئے جائیں اور اس ضمن میں تمام وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں۔