لاہور، 24 نومبر (اے پی پی): ویمن ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ پنجاب وزیر اعلیٰ کی قیادت میں صنفی تشدد کے تدارک کے لیے میدان میں آ گیا۔ سیکرٹری ویمن ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ سمیرا صمد نے اپنی ٹیم کے ہمراہ پنجاب میں صنفی تشدد کے خلاف عالمی 16 روزہ مہم کی تیاریاں مکمل کر لیں ۔ محکمہ 25 نومبر سے 10 دسمبر تک صنفی تشدد کے خلاف آگاہی مہم کا سلسلہ مؤثر سرگرمیوں کے زریعے شروع کر رہا ہے۔ صنفی تشددسے نمٹنے اور ان کا مقابلہ کرنے کے لیے 25 نومبر کو ہر سال عالمی سطح پر خواتین کے خلاف تشدد کے خاتمے کا دن منایا جاتا ہے ۔ اس دن کو صنفی تشدد کے خلاف یکجہتی اور عزم کا ایک طاقتور نمائندہ مانا جاتا ہے۔ اس کا مقصد اسٹیک ہولڈرز کی شمولیت سے صنفی تشدد سے نمٹنے اور روکنے کے لیے فوری کارروائی کرنا ہے۔ ویمن ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ کے زیر انتظام صنفی تشدد کے خلاف 16 روزہ آگاہی مہم جامع اقدامات سے بھرپور ہو گی۔ اس سال کی مہم کی تھیم “UNiTE! خواتین اور لڑکیوں کے خلاف تشدد کو روکنے کے لیے سرمایہ کاری کریں” ہے۔ محکمہ کل شام مینارِ پاکستان اور پنجاب اسمبلی کی عمارت کو نارنجی روشنیوں سے منور کر دے گا۔ “نارنجی رنگ” جو صنفی تشدد کے تدارک کا علامتی رنگ تصور کیا جاتا ہے ۔ 16 روزہ آگاہی مہم کے دوران پنجاب سول سیکرٹریٹ میں صنفی تشدد کی روک تھام سے متعلق مواد کی نمائش کی جائے گی ۔ خواتین کو ان کے قانونی حقوق، دستیاب معاون خدمات، اور صنفی تشدد کے واقعات کی اطلاع دینے کے راستے کے بارے اہم معلومات دی جائیں گی۔ پنجاب کمیشن آن دی سٹیٹس آف ویمن کے تعاون سے پنجاب جینڈر پیریٹی رپورٹ 2022 کا اجراء کیا جائے گا۔ سرکاری افسران کے لیے خواتین کو مرکزی دھارے میں شامل کرنے، صنفی جوابی منصوبہ بندی، اور صنفی جوابی بجٹ کے بارے میں ضروری تربیت کا بھی انعقاد کیا جائے گا۔ محکمہ ٹرانسپورٹ کے ذریعے آگاہی مہم چلائی جائے گی ۔ سوشل میڈیا کے زریعے مہم کو وسعت دینے کے لیے “OrangeTheWorld#” اور “16 Days#” جیسے ہیش ٹیگز استعمال کیے جائیں گے۔