ٹنڈو محمد خان ،13 نومبر( اے پی پی ): ایس ایس پی ٹنڈومحمدخان سید سلیم شاہ کی ہدایت پر غیر قانونی طور پر مقیم افغان باشندوں کے خلاف آپریشن کا سلسلہ شروع کر دیا گیا، آپریشن کے دوران دو افغان باشندوں کو گرفتار کرکے لاک اپ کردیا گیاہے ۔
ایس ایس پی ٹنڈومحمدخان سید سلیم شاہ کے پی آر او ممتاز خاصخیلی نے بتایا کہ ٹنڈومحمدخان شہر سمیت مختلف علاقوں میں غیر قانونی طور پر مقیم افغان باشندوں کے خلاف آپریشن کیا گیا، ڈگ موری، شیخ بھرکیو ،ٹنڈوغلام حیدر ، ملاکاتیار، نظرپور ،آبادگار سمیت دیگر علاقوں میں کیے جانے والے آپریشن کے دوران دو افغان باشندوں کو گرفتار کرکے لاک اپ کردیا گیا ہے۔
آپریشن کے دوران سندھ پولیس کی ڈیجیٹل تلاش ایپ کے ذریعے غیر ملکی افراد کی تلاش میں معاون ثابت ہوئی ہے جبکہ چیکنگ کے دوران مشتبہ افراد کے شناختی کارڈ چیک کرتے ہوئے ان کی سخت چیکنگ کی گئی ہے ، ان کا کہنا تھا کہ غیر ملکی افغان باشندے ملنے والی سزا سے بچنے کے لیے خود کو قانون کے حوالے کر دیں تاکہ ان کے ساتھ نرمی برتی جاسکے، پولیس آپریشن کے دوران گرفتار افراد کے خلاف قانون کے مطابق نمٹا جائے گا، انہوں نے پولیس ٹیم کو ہدایت کی کہ روزانہ کی بنیاد پر آپریشن کا سلسلہ جاری رکھا جائے۔