اسلام آباد،29نومبر(اے پی پی):پاکستان اور ملائیشیا نے باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں بالخصوص دفاع میں تعاون کو مزید بھرپور طریقے سے جاری رکھنے اور مقررہ اہداف کے حصول پر توجہ دینے پر اتفاق کیا ہے۔
پاکستان اور ملائیشیا کی مشترکہ کمیٹی برائے دفاعی تعاون کا 14 واں اجلاس بدھ کو یہاں منعقد ہوا۔اجلاس میں پاکستانی وفد کی قیادت لیفٹیننٹ جنرل (ریٹائرڈ) حمود الزماں خان نے کی جبکہ سیکرٹری جنرل، وزارت دفاع داتوک سری ایشام اسحاق نے ملائیشیا کے وفد کی سربراہی کی۔
اجلاس کے دوران سیکرٹری جنرل، وزارت دفاع، ملائیشیا نے سیکرٹری وزارت دفاع اور سیکرٹری دفاعی پیداوار سے بھی ملاقات کی جس دوران باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا اور فریقین نے دفاعی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا ۔
اجلاس کے دوران جے سی ڈی سی کی دو ذیلی کمیٹیوں نے بالترتیب دفاعی صنعت اور ملٹری ٹریننگ کوآپریشن سے نمٹنے کے لیے پچھلی میٹنگ سے لے کر اب تک کی پیش رفت کا جائزہ لیا اور تعاون کی نئی راہوں پر تفصیل سے تبادلہ خیال کیا۔
وفد کے رہنماؤں نے اس بات پر بھی اتفاق کیا کہ پاکستان ملائیشیا جے سی ڈی سی کا 15 واں اجلاس 2024 میں باہمی طور پر طے شدہ تاریخوں پر ملائیشیا میں ہوگا۔