کراچی ،13نومبر (اے پی پی):وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے بحری امور وائس ایڈمرل (ریٹائرڈ) افتخار احمد رائو نے کہا ہے کہ پاکستان بہت جلد ہانگ کانگ کنونشن (ایچ کے سی) میں شمولیت کے لیے تیار ہے،ہم نے تقریباً تمام رسمی کارروائیوں کو مکمل کرلیا ہے اور صرف کابینہ کے رسمی فیصلے کا انتظار ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو یہاں انٹرنیشنل میری ٹائم آرگنائزیشن (آئی ایم او)، وزارت بحری امور پاکستان، حکومت بلوچستان اور پاکستان شپ بریکرز اینڈ ری سائیکلرز ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام ہانگ کانگ کنونشن کی توثیق اور نفاذ، پاکستان 2023 کے موضوع پر منعقدہ 3 روزہ آئی ایم او سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
معاون خصوصی افتخار احمد رائو نے یقین دلایا کہ پاکستان رواں ماہ میں ہی ایچ کے سی میں شامل ہو جائے گا اور یہ اس اہم صنعت کو فروغ دینے کے لیے ایک اچھا قدم ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان پوری طرح اس صنعت کے پیچھے ہے اور وزارت بحری امور کی پوری توجہ اس پر ہے۔
معاون خصوصی نے کہا کہ پاکستان میں جہاز کی ری سائیکلنگ کی سہولت ماضی میں بھی بہت اہم رہی ہے اور وہ مستقبل قریب میں اسے اسی سطح تک لے جانا چاہتے ہیں، حکومت پاکستان اور وزارت بحری امور پورے میری ٹائم سیکٹر خصوصاً جہازوں کی ری سائیکلنگ کی سہولت کو فروغ دینے کے لیے بھرپور کوششیں کر رہی ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ 80 کی دہائی میں دنیا میں ٹاپ پر ہوتا تھا۔ انھوں نے کہا کہ گڈانی بیچ اس مقصد کے لیے دنیا کے مثالی ساحلوں میں سے ایک ہے۔ انہوں نے ایچ کے سی کے بعد جلد ہی یورپی یونین کی ضروریات کو پورا کرنے کا بھی عہد کیا۔
وائس ایڈمرل (ریٹائرڈ) افتخار احمد رائو نے کہا کہ تمام ضروریات کو پورا کرتے ہوئے یہاں مستحکم اور پائیدار ری سائیکلنگ کی سہولت قائم کی گئی ہے۔
اس موقع پر پاکستان میں ناروے کے سفیر پر البرٹ اساس ، انٹرنیشنل میری ٹائم آرگنائزیشن کے جون سن، بلوچستان کے ایڈیشنل چیف سیکرٹری، پاکستان شپ بریکرز ایسوسی ایشن کے آصف علی خان و دیگر نے بھی سیمینار سے خطاب کیا۔