پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کل نیوزی لینڈ ویمنز ٹیم کیخلاف پہلا پریکٹس میچ کھیلے گی

251

 

 اسلام آباد ،27 نومبر( اے پی پی ): پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم اپنے دورہ نیوزی لینڈ کے دوران کل پہلا پریکٹس میچ کھیلے گی، پاکستان ویمنز ٹیم نے آج کرائسٹ چرچ کی لنکن یونیورسٹی کے برٹ سٹکلف اوول سٹیڈیم میں اپنے پہلے ٹریننگ سیشن کا آغاز کیا۔

ندا ڈار کی قیادت میں 17 رکنی اسکواڈ نے کوچنگ اسٹاف کی زیر نگرانی تین گھنٹے کے ٹریننگ سیشن میں حصہ لیا، ویمنز ٹیم دورہ نیوزی لینڈ میں 3 سے 18 دسمبر تک تین ٹی ٹوئنٹی اور تین ون ڈے انٹرنیشنل میچز کھیلے گی۔سیریز کے میچ ڈنیڈن، کوئنز ٹاون اور کرائسٹ چرچ میں کھیلے جائیں گے۔

ون ڈے انٹرنیشنل میچز آئی سی سی ویمنز چیمپئن شپ 2022- 25ء کا حصہ ہیں جہاں اب تک پاکستان ٹیم نے 15 میچز کھیل کر 14 پوائنٹس حاصل کیے ہوئے ہیں۔ وائٹ بال سیریز کے آغاز سے قبل پاکستانی ویمنز ٹیم نیوزی لینڈ الیون کے خلاف دو پریکٹس میچز بھی کھیلے گی۔ نیوزی لینڈ الیون کے خلاف 50 اوورز کا میچ کل برٹ سٹکلف اوول اسٹیڈیم میں مقامی وقت کے مطابق صبح 11 بجے کھیلا جائے گاجبکہ اسی ٹیم کے خلاف ٹی ٹوئنٹی میچ جمعرات کوبرٹ سٹکلف اوول اسٹیڈیم میں ہی کھیلا جائے گا۔