گوجر خان،19نومبر (اے پی پی):اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی عوامی، پارلیمانی اور سیاسی جماعت ہے اور عوامی خدمت کو اپنا نصب العین سمجھتی ہے اور پیپلز پارٹی نے ہمیشہ عوامی طاقت کے ذریعے الیکشن جیتے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کوگوجر خان کی یونین کونسل گہنگریلہ کے دورہ کے موقع پر عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اسپیکر نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی عوامی، پارلیمانی اور جمہوری سیاسی جماعت ہے اور پیپلز پارٹی نے ہمیشہ عوامی طاقت کے ذریعے الیکشن جیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گوجر خان کی عوام کو پیپلز پارٹی نے جو عزت بخشی ہے اس کی کوئی مثال نہیں ملتی۔پاکستان پیپلز پارٹی ہی وہ واحد سیاسی پارٹی ہے جس میں عام ورکر کو عزت دی جاتی ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک پر جب بھی کڑا وقت آیا پاکستان پیپلز پارٹی نے ملک کو مشکل سے نکالنے کے لیے آپس کے اختلافات کو بھلا کر ملک کی بقا کی خاطر بھرپور کردار ادا کیا۔
اسپیکر نے مزید کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی آئندہ الیکشن میں عوام کی مدد سے حکومت بنائے گی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے گزشتہ ڈیڑھ سال میں اتحادی حکومت کے ساتھ ملکر عوام کے وسیع تر مفاد میں اقدامات اٹھائے ہیں اور عوامی مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی کوشش کی ہے۔انہوں نے کہا کہ گوجر خان کی عوام سے کیے گئے وعدے پورے کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بطور وزیراعظم اور اسپیکر قومی اسمبلی گوجر خان کی عوام کے مسائل کو ان کی دہلیز پر حل کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ گوجر خان کی عوام نے آئندہ خدمت کا مزید موقع دیا تو گوجر خان کے مسائل کے حل کے لیے کوئی دقیقہ فروگذاشت نہیں رکھا جائے گا۔
تقریب میں راجہ خرم پرویز اشرف، راجہ محسن جہانگیر، راجہ ارشد چوہدری فخر زمان و دیگر نے بھی خطاب کیا ۔