پشاور؛باجوڑ،مہمند امن سائیکل گالا کی پرجوش تقریب اختتام پذیر

91

پشاور، 20نومبر(اے پی پی): باجوڑ۔ مہمند امن سائیکل گالا رنگا رنگ تقریب کے ساتھ اختتام پذیر ہو گیا۔

پاک فوج، پاکستان سائیکلنگ فیڈریشن اور فرنٹیئر کور نارتھ کے باہمی اشتراک سے منعقدہ امن گالا کی اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی انسپکٹر جنرل فرنٹیئر کور نارتھ تھے۔ تقریب میں بڑی تعداد میں طلبا، علاقہ کےجوانوں اور دیگر مہمانوں نے شرکت کی۔

 اختتامی تقریب میں فرنٹیئر کور نارتھ کے بینڈ نے سپیشل دھنیں پیش کیں جبکہ کیڈٹ کالج مہمند کے طلباء نے ایتھلیٹکس کا شاندار مظاہرہ کیا۔

امن سائیکل گالا 17 سے 19 نومبر 2023 تک جاری رہا جس میں چاروں صوبوں اور اسلام آباد سے تعلق رکھنے والے 134 سائیکلسٹس نے حصہ لیا۔ پروفیشنلز اور ایمیچور  کیٹیگریز پر مشتمل مقابلوں میں ضلع مہمند اور ضلع باجوڑ میں 80 کلومیٹر پر محیط ریس کا انعقاد کیا گیا۔

اختتامی تقریب میں مہمان خصوصی نے مختلف کیٹیگریز میں کامیاب ہونے والے سائیکلسٹس میں میڈلز، انعامات اور ٹرافیاں تقسیم کیں۔ ان میں پروفیشنل کیٹیگری میں واپڈا سے تعلق رکھنے والے نجیب اللہ نے پہلی پوزیشن حاصل کی۔ جبکہ ایمیچور کیٹیگری میں ضلع باجوڑ کے حارث علی نے پہلی پوزیشن حاصل کی۔

تقریب میں بڑی تعداد میں طلباء، علاقہ کے نوجوانوں اور دیگر مہمانوں نے شرکت کی، جنہوں اس ایونٹ کے انعقاد پر  خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے ایونٹس کا انعقاد اس بات کی عکاس ہے کہ خیبر پختونخواہ کے قبائلی علاقوں میں امن مکمل بحال ہو چکا ہے اور قبائلی عوام اس طرح کے فیسٹولز کو خوش آمدید کہتے ہیں۔