پشاور، 2نومبر(اے پی پی): محکمہ خوراک خیبرپختونخوا نے آٹے میں جوار مکس کرنے پر صادق فلور مل کا لائسنس معطل کر کے مل کو سیل کردیا ہے ۔
محکمہ خوراک کے اعلیٰ حکام کی ہدایت پر قائمقام راشننگ کنٹرولر پشاور کمال احمد اور اسسٹنٹ فوڈ کنٹرولر تسبیح اللہ نے جھگڑا سٹاپ کے قریب صادق فلور مل پر اچانک چھاپہ مارا۔اس دوران مل میں آٹے میں جوار کو مکس کیا جا رہا تھا جس پر محکمہ خوراک کے افسران نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے مل کا لائسنس معطل کردیا جبکہ مل کو سیل کر کے رپورٹ ڈائریکٹر کے پاس جمع کرادی۔ محکمہ خوراک کے حکام کے مطابق مل میں جوار کے 2300 بیگز پائے گئے جو فی بیگ 50 کلو گرام تھا۔
بعد ازاں قائمقام راشننگ کنٹرولر پشاور کمال احمد اور اسسٹنٹ فوڈ کنٹرولر نے یونیورسٹی روڈ پر تہکال، پلوسئی، بورڈ بازار اور فقیر آباد میں گرانفروشوں کے خلاف کارروائیاں عمل میں لائیں، کارروائیوں کے دوران 16 افراد کو گرفتار کر کے جیل بھیج دیا۔
قائمقام راشننگ کنٹرولر پشاور کمال احمد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آٹے میں جوار اور دیگر اشیاء کی مکسنگ یا ملاوٹ کرنیوالے محکمہ خوراک کے شکنجے سے بچ نہیں سکتے جبکہ مرتکب افراد کے خلاف فوڈ ایکٹ کے تحت سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائیگی۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہریوں کو معیاری و مقررہ نرخوں پر اشیائے خوردونوش کی فراہمی محکمہ خوراک کی اولین ترجیح ہے جس کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ محکمہ خوراک کے افسران عوام کو ریلیف دینے کی خاطر روزانہ کی بنیاد پر کارروائیاں عمل میں لا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پشاور میں گرانفروشوں، ذخیرہ اندوزوں اور ملاوٹ مافیا کے لئے کوئی جگہ نہیں ہے۔