پشاور، 14 نومبر (اے پی پی): محکمہ خوراک نے مردہ مرغیوں کو سپلائی کرنیوالا گروہ بے نقاب کردیا ہےاور 850 مرغیاں قبضے میں لیکر ملزم کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
محکمہ خوراک کے اعلیٰ حکام کو اطلاع ملی کہ چرگانو چوک سے بڑی تعداد میں مردہ مرغیوں کو سپلائی کیا جا رہا ہے جس پر راشننگ کنٹرولر پشاور جمشید آفریدی کی نگرانی میں اسسٹنٹ فوڈ کنٹرولرز تسبیح اللہ، کمال احمد اور فوڈ گرین سپروائزر طاہر گل نے فوری کارروائی کرتے ہوئے مردہ مرغیوں کو سپلائی کرنیوالی گاڑی کا تعاقب کیا اور ملزم کو گرفتار کر کے 850 مرغیاں قبضے میں لیکر ملزم کو جیل بھیج دیا، محکمہ خوراک کے افسران کے مطابق مردہ مرغیوں کو چرگانو چوک سے لنڈی سڑک سپلائی کیا جا رہا تھا۔ مذکورہ ڈیلرز مردہ مرغیوں کو صاف کر کے بعد ازاں مہنگے داموں بیچنے سمیت مختلف شادی ہالز اور ریسٹورنٹس میں سپلائی کرتا تھا۔
راشننگ فوڈ کنٹرولر پشاور جمشید آفریدی نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ شہریوں کو معیاری و صاف ستھری اشیائے خوردونوش کی فراہمی محکمہ خوراک کی اولین ترجیح ہے جس پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا جبکہ مرتکب افراد کے خلاف فوڈ ایکٹ کے تحت سخت سے سخت قانونی کارروائی کرنے سمیت جیل بھیجا جائے گا۔
راشننگ فوڈ کنٹرولر پشاور جمشید آفریدی نے محکمہ خوراک کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ روزانہ کی بنیاد پر فوڈ پوائنٹس کی چیکنگ کریں تاکہ شہریوں کو معیاری اشیائے خوردونوش کی فراہمی ممکن ہو۔ انہوں نے کہا کہ انسانی صحت سے سے کھیلنے والوں کیساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔