پولیس ملازمین کے بچوں کی اعلی تعلیم کیلئے احسن اقدام، پنجاب پولیس اور لاہور لیڈز یونیورسٹی کے درمیان مفاہمتی یادداشت طے

8

 

لاہور، 06 نومبر ( اے پی پی): آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کا پولیس ملازمین کے بچوں کی اعلی تعلیم کیلئے ایک اور احسن اقدام، پنجاب پولیس اور لاہور لیڈز یونیورسٹی کے درمیان سنٹرل پولیس آفس میں مفاہمتی یادداشت  طے ہوگیا۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور اور وائس چانسلر لاہور لیڈز یونیورسٹی ڈاکٹر ندیم احمد بھٹی نے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کئے ۔

اس موقع آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ  پولیس شہداء کے بچوں کو لاہور لیڈز یونیورسٹی میں 100 فیصد مفت تعلیم فراہم کی جائے گی ۔حاضر سروس ، ریٹائرڈ اور دوران ڈیوٹی انتقال کرنے والے پولیس ملازمین کے بچوں کو داخلہ  فیس اور ماہانہ ٹیوشن فیس میں 50 فیصد رعایت دی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ لاہور لیڈز یونیورسٹی کے ساتھ ایم او یو پولیس ملازمین کے بچوں کو معیاری تعلیم کی فراہمی میں خصوصی سہولت کا باعث بنے گا ۔بیچلرز ، ماسٹرز ، ایم فل اور مزید اعلی ڈگریوں کیلئے بچوں کو بہترین ماحول میں تعلیم حاصل کرنے کا موقع میسر آئے گا ۔

 ڈاکٹر ندیم احمد بھٹی نے قیام امن اور شہریوں کی جان و مال کے تحفظ میں پنجاب پولیس کی خدمات کو شاندار الفاظ میں سراہا اور کہا کہ پولیس ملازمین کے بچوں کو اعلی تعلیم سے آراستہ کرنے کیلئے ہر ممکن تعاون کریں گے ۔

اس موقع پر ایڈیشنل آئی جی فنانس اینڈ ویلفیئر محمد ریاض نذیر گاڑا،  ڈی آئی جی ویلفیئر غازی محمد صلاح الدین اور اے آئی جی فنانس نوید اجمل سمیت دیگر افسران موجود تھے۔