لاہور، 7 نومبر ( اے پی پی ): چائلڈ پروٹیکشن بیورو پنجاب اور چائلڈ پروٹیکشن انسٹیٹیوٹ اسلام آباد کے مابین ایم او یو پر دستخط تقریب کا انعقاد کیا گیا ۔چئیرپرسن چائلڈ پروٹیکشن بیورو پنجاب سارہ احمد اور ڈائریکٹر جنرل چائلڈ پروٹیکشن انسٹیٹیوٹ اسلام آباد رابعہ ہادی نے ایم او یو پر دستخط کئے ایم او یو کے تحت چائلڈ پروٹیکشن بیورو پنجاب اور چائلڈ پروٹیکشن انسٹیٹیوٹ اسلام آباد بچوں کے تحفظ کیلئے مشترکہ اقدامات کریں گے ۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چیئرپرسن سارہ احمد نے کہا کہ چائلڈ پروٹیکشن بیورو پنجاب ریفرل کیسز میں چائلڈ پروٹیکشن انسٹیٹیوٹ اسلام آباد کو سپورٹ فراہم کرے گا۔ایم او یو کے تحت چائلڈ پروٹیکشن کے حوالے سے کیپسٹی بلڈنگ اور ٹریننگ بھی فراہم کی جائے گی۔ چائلڈ پروٹیکشن بیورو پنجاب کی جانب سے چائلڈ پروٹیکشن انسٹیٹیوٹ اسلام آباد کو ٹیکنیکل معاونت بھی فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ چائلڈ پروٹیکشن بیورو پنجاب اور چائلڈ پروٹیکشن انسٹیٹیوٹ اسلام آباد لاوارث، استحصال کا شکار اور بھکاری بچوں کے تحفظ، ریسکیو اور بحالی کیلئے مل کر کام کریں گے۔اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل چائلڈ پروٹیکشن بیورو آفتاب احمد خان اور دیگر بھی موجود تھے ۔