ڈیرہ غازی خان،17نومبر (اے پی پی): پنجاب فوڈ اتھارٹی نے دو ہزار لیٹر مضر صحت دودھ برآمد کر کے موقع پر تلف کر دیا ہے۔
ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈ اتھارٹی راجہ جہانگیر انور کی خصوصی ہدایت پر ملاوٹ مافیا کیخلاف دن رات کارروائیاں جاری ہیں، فوڈ سیفٹی ٹیم نے ناکہ بندی کے دوران ڈیرہ غازی خان میں ہنڈا شوروم کے قریب دودھ بردار گاڑی پکڑی، ٹیسٹ کے دوران دودھ میں یوریا،فارمالین کی ملاوٹ پائی گئی۔جدید لیکٹوسکین مشین کے ذریعے دودھ کے معیار کو چیک کیا گیا۔ملاوٹ ثابت ہونے پر گاڑی سے 2ہزار لیٹر دودھ تلف کر دیا گیا۔
اس موقع پر ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی نے کہا کہ ملاوٹی دودھ کی ترسیل روکنے کے لیے شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر ناکہ بندی کی جارہی ہے اور عوام کی صحت کے ساتھ کھلواڑ ہر گز برداشت نہیں کیا جائے گا۔











