ڈیرہ غازی خان میں ملاوٹ مافیا کے خلاف کارروائیاں جاری،1500 لیٹر مضر صحت دودھ تلف

35

ڈیرہ غازی خان، 12 نومبر(اے پی پی): پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ملاوٹ مافیا کے خلاف ڈیرہ غازی خان میں کارروائیاں جاری،1500 لیٹر مضر صحت دودھ تلف کر دیا گیا۔

ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈ اتھارٹی راجہ جہانگیر انور کی ہدایت پر ملاوٹ مافیا کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے اور فوڈ سیفٹی ٹیم نے ریلوے روڈ پر دودھ بردار گاڑی اور ملک کولیکشن سنٹر پر چھاپے مارے،ٹیسٹ کے دوران دودھ میں پانی کی ملاوٹ، فیٹ،قدرتی غذائیت کی کمی بھی پائی گئی۔ملاوٹ ثابت ہونے پر سینکڑوں لیٹر دودھ تلف کر کے مالکان کو بہتری کے لیے ہدایات جاری کر دیں گئیں۔ فوڈ سیفٹی ٹیم نے جدید لیکٹوسکین مشین کے ذریعے دودھ کے معیار کو چیک کیا۔ اس حوالے سے ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی نے کہا کہ ملاوٹی دودھ بچوں کی نشوونما میں کمی کا باعث بننے کے ساتھ مختلف بیماریوں کا بھی سبب بنتا ہے۔انہوں نے کہا کہ کسی بھی شکایت کی صورت میں شہری پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ہیلپ لائن نمبر 1223 پر مفت رابطہ کریں۔