ڈی جی خان؛آر پی او کا کلکٹر کسٹم کے ہمراہ غیر قانونی اشیاءکی سمگلنگ کی روک تھام کے حوالے سے چیک پوسٹ سخی سرور کا اچانک دورہ

17

ڈیرہ غازی خان ،3نومبر( اے پی پی ): ریجنل پولیس آفیسر ڈیرہ غازی خان کیپٹن (ر) سجاد حسن خان نے کلکٹر کسٹم علی گردیزی کے ہمراہ ایرانی تیل وغیرقانونی اشیاءکی سمگلنگ کی روک تھام کے حوالے سے چیک پوسٹ سخی سرور کا اچانک دورہ کر کے سکیورٹی اقدامات، چیکنگ کے مراحل اور طریقہ کار کا تفصیلی جائزہ لیا۔

 آرپی او نے سمگلنگ کی روک تھام کے لیئے چیک پوسٹ سے گزرنے والی سینکڑوں گاڑیوں کو اپنی نگرانی میں چیک کرایا اور خود بھی ایرانی تیل و غیر قانونی اشیاءکی سمگلنگ کے حوالے سے گاڑیوں کو چیک کرتے رہے۔ آر پی او نے چیک پوسٹ پر موجود پنجاب پولیس ،ایلیٹ فورس،رینجرز ،کسٹم اور دیگر محکمہ جات کے افسران و اہلکاران سے ملاقات کی انہیں حکومت کی ہدایت کے مطابق چیک پوسٹ سے گزرنے والے تمام افراد اور گاڑیوں کی خصوصی چیکنگ کرنے اور سمگلنگ کے خلاف زیرو ٹالرنس برتنے کے احکامات جاری کئے۔ آر پی او نے دورے کے دوران چیک پوسٹ پر آن گراونڈ سکیورٹی اقدامات، تعینات نفری، گاڑیوں ،اسلحہ وایمونیشن ، مورچوں اور فراہم کردہ سہولیات بھی کا جائزہ لیا۔

 اس موقع پر ریجنل پولیس آفیسر کیپٹن (ر) سجاد حسن خان نے احکامات جاری کیئے کہ موجودہ حالات کے پیش نظر ڈیوٹی پر تعینات افسران و جوانوں کو ہمہ وقت الرٹ رکھیں۔ دوران ڈیوٹی بلٹ پروف جیکٹس، ہیلمٹس سمیت تمام حفاظتی اشیاءکا استعمال یقینی بنائیں۔چیکنگ کے تمام مراحل کی بذریعہ سی سی ٹی وی مانیٹرنگ اور ریکارڈنگ کی جائے۔ سمارٹ ویری فکیشن اینڈ الرٹ سسٹم (SVAS) اور اینٹی وہیکل کار لفٹنگ سسٹم (AVLS) سمیت دیگر اہم سافٹ وئیرز کے ذریعے چیکنگ اور چیک پوسٹ سے گزرنے والے تمام افراد کی بائیومیٹرک تصدیق اور گاڑیوں کی مکمل چیکنگ کویقینی بنایا جائے۔

آر پی او کا کہنا تھاکہ سمگلنگ سے ملکی معیشت کو نقصان پہنچانے قانون شکن عناصرکا گھیرا مکمل طور پر تنگ کردیا گیاہے سمگلنگ میں ملوث افراد اور ان کے سہولت کاروں کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔