کمشنر پشاور کی شہر کو تجاوازت سے پاک کرنے کیلئے میگا آپریشن کی منظوری

32

پشاور، 14نومبر(اے پی پی): کمشنر پشاور ڈویژن محمد زبیر نے پشاور کے بڑے بازاروں اور شاہراہوں کو تجاوزات سے پاک کرنے کے فیصلہ کی منظوری دے دی۔

اس سلسلے میں کمشنر پشاور ڈویژن محمد زبیر کی زیر صدارت اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں ڈپٹی کمشنر پشاور سمیت ایس ایس پی ٹریفک، محکمہ اوقاف، پشاور ڈویلپمنٹ اتھارٹی اور بلدیاتی افسران نے  شرکت کی۔اجلاس میں پشاور میں ضلعی انتظامیہ، ٹریفک پولیس، پی ڈی اے اور بلدیاتی اداروں نے ٹریفک کی روانی متاثر کرنے اور تجاوزات کی بھر مار والے 30 مقامات کی نشاندہی کی ۔

اجلاس میں کمشنر پشاور نے پشاور شہر کے بڑے بازاروں، شاہراہوں سمیت بڑے اور چھوٹے قبرستان کو بھی تجاوزات سے پاک کرنے اور ٹریفک کی روانی متاثر کرنے والے خود ساختہ اتوار بازاروں کے خلاف بھی کارروائی کا فیصلہ کیا، اسکے علاوہ بارگینوں کی حدود میں گاڑیوں کی خرید و فروخت پر بھی پابندی عائد کی گئی۔

کمشنر نے کہا کہ اندرون شہر بازاروں میں تجاوزات کے خاتمے کے لئے رات کے اوقات  میں کارروائی کی جائے گی، آپریشن بلاناغہ روزانہ کی بنیاد پر کیا جائے گا جس کے لئے تجاوزات خاتمہ اسٹاف کی ہفتہ وار چھٹیاں منسوخ کی جائیں گی اور  کہا کہ آپریشن کے بعد اسسٹنٹ کمشنرز اور بلدیاتی اہلکاروں کے ذریعے بازاروں اور شاہراہوں کی سخت نگرانی کی جائے گی اور دوبارہ تجاوزات قائم کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ عارضی تجاوزات قائم کرنے کی صورت میں تمام سامان ضبط کرکے تجاوز کنندہ کو جیل اور بھاری جرمانے عائد کیے جائیں گئے جبکہ دوبارہ تجاوزات قائم ہونے اور بروقت کارروائی نہ کرنے پر اسسٹنٹ کمشنرز اور بلدیاتی اہلکاروں کے خلاف سخت تادیبی کارروائی کی جائے گی۔

کمشنر پشاور ڈویژن محمد زبیر نے اس بات کی متعلقہ حکام کو پشاور کو تجاوزات سے پاک کرنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لانے اور آپریشن کو ہر صورت کامیاب بنا کر پیدل چلنے والوں اور ٹریفک کے لئے آسانی پیدا کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ تمام ادارے ذمہ داری کا مظاہرہ کریں ورنہ غفلت کی صورت میں سخت تادیبی کارروائی کی جائے گی۔