کوئٹہ؛بلوچستان ہیلتھ کارڈ کا باقاعدہ اجراء،سرکاری سطح پر عوام کو  مفت علاج کی سہولیات کی فراہمی کا اعلان

61

کوئٹہ،03 نومبر (اے پی پی):نگران وزیر اعلیٰ بلوچستان میر علی مردان خان ڈومکی نے صوبے میں سرکاری سطح پر عوام کو  مفت علاج معالجے کی سہولیات کی فراہمی کا اعلان کرتے ہوئے بلوچستان ہیلتھ کارڈ کا باقاعدہ اجراء کردیا ۔ جمعہ کو وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ میں منعقدہ پروقار تقریب میں اس تاریخی اقدام کا آغاز کیا گیا اور نگران وزیر اعلیٰ بلوچستان نے ایک مقامی شہری کی ہیلتھ کارڈ پروگرام میں  رجسٹریشن سے بلوچستان میں ہیلتھ کارڈ   پروگرام کا افتتاح کیا ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نگران وزیر اعلیٰ میر علی مردان خان ڈومکی نے کہا کہ آج سے بلوچستان کے تمام شہریوں کو سرکاری سطح پر صحت کی بروقت اور معیاری اسہولیات فراہم کرنے کی ذمہ داری اٹھاتے ہیں اور اب بلا امتیاز رنگ و نسل  بلوچستان کے ہر فرد کا علاج اس کے شناختی کارڈ پر مفت  ہوگا، اس پروگرام کے تحت صوبے کے ہر فرد کو یکساں علاج کی سہولیات میسر آئیں گی اور بلوچستان کے ہر شہری کا علاج ملک بھر کی 1200سے زائد پینل ہسپتالوں میں سرکاری اخراجات پر ہوگا ۔

میر علی مردان خان ڈومکی نے کہا کہ ہم نے واضح ہدایات جاری کی ہیں کہ مریضوں کے علاج کے ساتھ  عزت نفس و وقار کا بھی خیال رکھا جائے گا اور ہر قدم پر مریضوں کی معاونت و رہنمائی کو یقینی بنایا جائے  ۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان ہیلتھ کارڈ پروگرام کے تحت مریض بغیر کسی رکاوٹ کے پینل پر موجود سرکاری یا پرائیوٹ ہسپتال جا کر  فوراً علاج شروع کروا سکے گا۔تقریب سے نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر امیر محمد جوگیزئی ، چیف سیکریٹری بلوچستان شکیل قادر خان ، سیکرٹری صحت عبداللہ خان ، ہیلتھ کارڈ پروگرام کے چیف ایگزیکٹو آفیسر اسداللہ کاکڑ بلوچستان ریونیو اتھارٹی کے سربراہ نور الحق بلوچ ،اسٹیٹ لائف انشورنس کے چیف ایگزیکٹو آفیسر شعیب جاوید حسین  ، نادرا کے لئے ڈائریکٹر جنرل ازرک خان  نے بھی خطاب کیا جبکہ  نگران صوبائی وزیر داخلہ میر زبیر خان جمالی ، صوبائی وزیر تعلیم ڈاکٹر قادر بخش بلوچ ، وزیر اطلاعات و پبلک ریلیشنز جان اچکزئی مشیر آبپاشی میر دانش لانگو ، مشیر برائے معدنیات میر عمیر محمد حسنی ،  آئی جی پولیس عبدالخالق شیخ سمیت اعلیٰ حکام بھی تقریب میں  شریک تھے۔