کوئٹہ،15 نومبر (اے پی پی):نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کی جانب سے کوئٹہ میں 15 سے 17 نومبر تک صوبائی سطح کی سمولیشن ایکسرسائز کے حوالے سے تین ر وزہ سیمینار کا افتتاح کیا گیا۔ سیمینار کا مقصد کثیر خطرات پر مشتمل فرضی مشقوں کے حوالے سے بلوچستان کے ڈیزاسٹر مینجمنٹ سے منسلک اداروں کی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیاری اور ردعمل کی صلاحیتوں میں اضافہ کرناہے۔
قبل ازیں فرضی مشقوں کا افتتاح نگراں وزیر داخلہ کیپٹن (ر) زبیر جمالی نے کوئٹہ کلب میں کیا۔ اس موقع پر نگراں وزیر داخلہ نے این ڈی ایم اے کی کاوشوں کو سراہا اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ میں شامل تمام ایجنسیوں کے درمیان موثر رابطہ کاری اور تعا ون کی ضرورت پر زور دیا تاکہ سانحات کا مقابلہ اجتماعی و قومی یکجہتی سے کی جا سکے۔ان فرضی مشقوں میں سات سنڈیکٹس شامل تھے جن میں صوبائی ڈیز ا سٹر مینجمنٹ اتھارٹی بلوچستان، ضلعی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز اور این جی اوز کے نمائندے شامل ہیں۔سنڈیکٹس کو مختلف منظر نامے جیسے کہ سمندری طوفان، جنگلات میں آگ، سیلاب اور زلزلہ کی بنیاد پر تیاری اور رسپانس کے حوالے سے فرضی مشقیں کروائی جارہی ہیں تاکہ صوبائی، ڈویژنل خصوصا ضلعی سطح پر قومی سانحات سے بہتر طور پر نمٹنے میں مدد مل سکے۔
سیمینار میں مسلح افواج اور بلوچستان کے تمام متعلقہ محکموں کے ڈویژنل نمائندوں نے سانحات کا بھرپور طریقے سے مقابلہ کرنے کیلئے تیاریوں کے حوالے سے اپنے محکموں کی طرف سے بریفنگ دی۔