کھاد کی گرانفروشی، ذخیرہ اندوزی میں ملوث کھاد ڈیلروں کیخلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ کیا گیا ہے، ڈپٹی کمشنر قصورمحمدارشدبھٹی

20

 

قصور، 17نومبر(اے پی پی): ڈپٹی کمشنر قصورمحمدارشدبھٹی نے کہا کہ ضلع بھر میں کھاد کی گرانفروشی، ذخیرہ اندوزی میں ملوث کھاد ڈیلروں کیخلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

یہ ہات انہوں نے کھاد کی دستیابی اور مقررہ قیمتوں پر فراہمی کے حوالے سے اجلاس کی صدارت  کرتے ہوئے کہی۔

ڈپٹی کمشنر قصورمحمدارشدبھٹی نے کہا کہ کھاد کی مقررہ قیمت سے زائد نرخوں پر فروخت کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی،ضلعی حکومت کے نمائندے کی موجودگی میں کھاد کی فروخت ہوگی اور تمام ریکارڈ کو چیک کیا جائے گا۔ ڈپٹی کمشنر قصورنے کہا کہ آن لائن پورٹل پر کھاد کے سٹاکس کی کڑی نگرانی کی جائے گی، کھاد ڈیلرز ریٹ لسٹ، کیش میمو اور ریکارڈ رجسٹر کو اپ ڈیٹ رکھیں اور مقررہ قیمتوں پر فروخت کو یقینی بنائیں، کھاد کی ذخیرہ اندوزی کر کے کاشتکاروں کو لوٹنے والوں سے سختی سے نمٹا جائے گا۔

اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل محمد جعفر چوہدری، ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت محمد اکرم، ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ سعد بن شبیر، کھاد ڈیلرز اور دیگرافسران نے شرکت کی۔