لاہور،6نومبر (اے پی پی):گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن سے چیئرمین ٹیوٹا بریگیڈیئر (ریٹائرڈ)محمد ساجد کھوکھر نے ہیر کویہاں گورنر ہائوس میں ملاقات کی۔ ملاقات میں ٹیکنیکل اور ووکیشنل ایجوکیشن کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے کہا کہ فنی تعلیم کے فروغ سے نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہنر مند نوجوان ملک کی معاشی ترقی میں مثبت کردار ادا کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ٹیکنیکل کورسز طلبا کو روزگار کے مواقع فراہم کرتے ہیں جس سے یقینا کئی خاندان معاشی طور پر خود کفیل اور خوشحال ہورہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ امر قابل تعریف ہے کہ ٹیوٹا نوجوان نسل کو فنی اور پیشہ ورانہ تعلیم دے کر انہیں معاشی طور پر خودمختار بنا رہا ہے۔
گورنر پنجاب نے کہا کہ اس جدید دور میں تعلیمی اداروں میں نوجوانوں کو پیشہ وارانہ تعلیم سے ہم آہنگ کرنا وقت کی ضرورت ہے۔گورنر پنجاب نے کہا کہ یونیورسٹیوں میں 07کنسورشیم بنائے ہیں جن میں سے ایک سائنس اور انفارمیشن ٹیکنالوجی پر ہے اور اس کا مقصد اکیڈیمیہ اور انڈسٹری کے روابط کو مضبوط کرنا ہے۔
گورنر پنجاب نے کہا کہ 2008 سے 2018 کے درمیان ٹیکنیکل اور ووکیشنل ایجوکیشن کے فروغ پر خصوصی توجہ دی گئی اور اس کے لیے خاطر خواہ فنڈز مختص کیے گئے۔
اس موقع پر چیئرمین ٹیوٹا بریگیڈیئر (ریٹائرڈ)محمد ساجد کھوکھر نے گورنر پنجاب کو ٹیوٹا میں جاری تربیتی کورسز کے بارے میں تفصیلی آگاہ کیا۔